اتحاد ایئرویز نے رواں سرما کے لیے محدود مدت کی خصوصی سیل کا اعلان کیا ہے جس کے تحت ایشیا اور افریقہ کے کئی شہروں کے لیے فضائی کرایوں میں 30 فیصد تک رعایت دی جا رہی ہے۔
ایئرلائن کے مطابق مسافر اس آفر سے فائدہ اُٹھانے کے لیے اپنی ٹکٹیں 12 ستمبر تک بک کر سکتے ہیں۔ رعایتی کرایے ستمبر 2025 سے مارچ 2026 تک کے سفر کے لیے قابلِ استعمال ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیے: اتحاد ایئرویز کا ہزاروں غیرملکی بھرتی کرنے کا اعلان
یاد رہے کہ اسی ماہ کے آغاز میں متحدہ عرب امارات کی قومی ایئرلائن نے 2025 کی پہلی ششماہی میں 1.1 ارب درہم منافع اور ریکارڈ مسافروں کی تعداد کا اعلان کیا تھا۔ ایئرلائن کا کہنا ہے کہ سال کی دوسری ششماہی مزید بہتر رہنے کی توقع ہے۔
رعایتی کرایے
خصوصی آفر کے تحت 12 شہروں کے لیے کرایوں میں کمی کی گئی ہے۔ تھائی لینڈ کے کرابی اور چیانگ مائی، کمبوڈیا کے پھنوم پین، الجزائر کے دارالحکومت الجزائر، تیونس، ویتنام کا ہنوئی اور انڈونیشیا کا میدان سمیت کئی شہروں کے لیے کرایے کم کر دیے گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیے: اتحاد ایئرویز نے پاکستان کے لیے نان اسٹاپ پروازوں کی تعداد مزید بڑھا دی
ایئرلائن کے مطابق ایتھوپیا کے دارالحکومت ادیس ابابا اور روس کے شہر قازان کے لیے ٹکٹیں 1,465 درہم سے شروع ہوں گی، جبکہ ہانگ کانگ کے لیے کرایہ 1,935 درہم رکھا گیا ہے۔
مزید یہ کہ پاکستان کے شہر پشاور کے لیے پروازیں صرف 895 درہم سے شروع ہوں گی، جبکہ تائی پے کے لیے ٹکٹوں کی قیمت 1,985 درہم سے ہوگی۔












