امریکی ریاست جارجیا میں زیرِ تعمیر ہنڈائی-ایل جی بیٹری پلانٹ پر امریکی حکام کے چھاپے میں قریباً 300 مبینہ غیر قانونی جنوبی کوریائی کارکنوں کی گرفتاری کے بعد صدر ٹرمپ نے کمپنیوں کو مقامی ورکرز رکھنے کا کہا ہے۔
یہ کارروائی جارجیا میں زیرِ تعمیر ہنڈائی-ایل جی بیٹری پلانٹ میں کی گئی جسے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ملک گیر انسدادِ تارکین وطن مہم کے تحت اب تک کی سب سے بڑی آپریشن قرار دی جا رہی ہے۔
صدر ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر پیغام میں غیر ملکی کمپنیوں کو خبردار کیا کہ وہ امریکی قوانین کی پابندی کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ آپ کی سرمایہ کاری خوش آئند ہے لیکن ہم چاہتے ہیں کہ آپ امریکی ورکرز کو ملازمت اور تربیت دیں۔
یہ بھی پڑھیے: امریکا میں جنوبی کوریا کے 300 ورکرز کی گرفتاری، دونوں ملکوں کے درمیان تناؤ میں اضافہ
صدر ٹرمپ نے کہا کہ حکام نے درست قدم اٹھایا کیونکہ وہ یہاں غیر قانونی طور پر موجود تھے۔ تاہم ہمیں ایسا نظام بھی وضع کرنا ہوگا جس کے ذریعے ہم اضافی ہنر مند لائیں تاکہ ہمارے مقامی کارکن تربیت حاصل کر سکیں۔
چھاپے کی فوٹیج میں گرفتار کارکنوں کو ہتھکڑیوں اور پاؤں میں بیڑیاں ڈال کر بسوں میں منتقل کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
دوسری جانب سیول حکومت نے اتوار کو اعلان کیا کہ گرفتار کوریائی ورکرز کی رہائی اور وطن واپسی کے لیے مذاکرات مکمل ہو گئے ہیں۔ ایل جی انرجی سولیوشن کے ایک اعلیٰ عہدیدار کم کی سو نے کہا کہ ہمارا فوری ہدف اپنے ملازمین اور شراکت دار کمپنیوں کے ورکرز کی جلد رہائی اور واپسی ہے۔