پنجاب اسمبلی میں سینٹ کا ضمنی انتخاب، اپوزیشن ووٹنگ کا بائیکاٹ کیوں کرے گی؟

پیر 8 ستمبر 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سابق وزیراعظم اور بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی گرفتاری کے بعد ملک بھر میں پرتشدد مظاہرے ہوئے۔ ان مظاہروں میں سرکاری املاک، فوجی تنصیبات، اور شہدا کی یادگاروں کو نقصان پہنچایا گیا جس کے نتیجے میں اعجاز چوہدری سمیت کئی رہنماؤں کو سزا ہوئی۔اور انہیں نااہل قرار دیا گیا۔ان میں سے ایک اعجاز چوہدری بھی ہیں جنہیں 9 مئی 2023 کے پرتشدد واقعات کے کیسز میں 10 سال قید کی سزا ملی ہے جس کے بعد  الیکشن کمیشن نے جولائی 2025 میں ان کی رکنیت ختم کر دی تھی۔ جس کے بعد خالی ہونے والی سینیٹ نشست پر 9 ستمبر 2025 کو ضمنی انتخاب ہونے جارہا ہے۔

اپوزیشن نے اعجاز چوہدری کی اہلیہ سلمیٰ اعجاز کو میدان میں اتارا ہے، جنہیں 100 ووٹوں کی حمایت حاصل ہے۔ اس میں سنی اتحاد کونسل کے 73، پی ٹی آئی کے 24، اور تحریک لبیک، مسلم لیگ ضیاء، اور مجلس وحدت المسلمین کے ایک ایک ووٹ شامل ہیں۔ تاہم اپوزیشن نے ووٹنگ کا بائیکاٹ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے شاہ محمود قریشی 9 مئی کے مزید 2 مقدمات سے بری، یاسمین راشد اور اعجاز چوہدری کو 10،10 برس قید کی سزا

ڈپٹی اپوزیشن لیڈر معین قریشی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے اس انتخاب میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے اراکین کو ہدایت کی کہ کوئی بھی ووٹ ڈالنے پنجاب اسمبلی نہ جائے، ورنہ وہ پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی کا مرتکب ہوگا۔

معین قریشی کے مطابق، کاغذات نامزدگی واپس لینے کا وقت ختم ہو گیا تھا، اس لیے سلمیٰ اعجاز کے کاغذات واپس نہ لیے جا سکے، تاہم اپوزیشن ووٹنگ کے عمل سے مکمل طور پر الگ رہے گی۔

حکومتی اتحاد

حکومتی اتحاد، جس میں مسلم لیگ (ن)، پاکستان پیپلز پارٹی، استحکام پاکستان پارٹی، اور مسلم لیگ (ق) شامل ہیں، نے رانا ثناء اللہ کو اپنا امیدوار بنایا ہے۔ رانا ثناء اللہ کو 263 ووٹوں کی حمایت حاصل ہے،  جب کہ جیتنے کے لیے  180 ووٹ درکارہیں۔ اس وقت مسلم لیگ (ن) کے 229، پیپلز پارٹی کے 16، استحکام پاکستان پارٹی کے 7، اور مسلم لیگ (ق) کے 11 ووٹ ہیں۔

یہ بھی پڑھیے 9 مئی کیسز میں سزا یافتہ سینیٹر اعجاز چوہدری، احمد خان بھچر اور احمد چٹھہ نااہل قرار

ووٹنگ 9 ستمبر کو صبح 9 بجے سے شام 5 بجے تک پنجاب اسمبلی کی نئی عمارت میں ہوگی۔ پنجاب اسمبلی میں کل 371 ووٹ ہیں، لیکن اس وقت 363 اراکین موجود ہیں، کیونکہ 6 پی ٹی آئی اراکین نااہل ہو چکے ہیں اور 2 نے ابھی حلف نہیں اٹھایا۔ یاد رہے کہ جیت کے لیے 180 ووٹ درکار ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp