معروف یوٹیوبر سعد الرحمان المعروف ڈکی بھائی کا جوئے کی ایپ کی تشہیر کے کیس میں جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ منظور کرلیا گیا۔ جبکہ ان کی ہتھکڑیوں میں جکڑی نئی ویڈیوز پر سوشل میڈیا پر مختلف تبصرے کیے جارہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: جوئے کی پروموشن کا الزام: ڈکی بھائی کے بعد مزید 2 ٹک ٹاکرز این سی سی آئی اے کے نشانے پر، نوٹسز جاری
لاہور کی ضلع کچہری میں جوڈیشل مجسٹریٹ نعیم وٹو نے کیس کی سماعت کی، جس دوران پولیس کی جانب سے جسمانی ریمانڈ میں مزید توسیع کی استدعا کی گئی، تاہم عدالت نے یہ درخواست مسترد کردی اور ڈکی بھائی کو جیل بھیجنے کا حکم سنا دیا۔
یوٹیوبر ڈکی بھائی کا مزید جسمانی ریمانڈ مسترد،ڈکی بھائی کو جوڈیشل کر دیا گیا pic.twitter.com/HNGCd8nJDe
— IQRA (@iqra56817) September 8, 2025
ڈکی بھائی کو 17 اگست کو نیشنل سائبر کرائم ایجنسی نے ریاست کی مدعیت میں درج مقدمے کے تحت گرفتار کیا تھا۔ انہیں علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے حراست میں لیا گیا تھا۔
حکام کے مطابق یوٹیوبر نے اپنی ویڈیوز میں ایک بیٹنگ (جوا) ایپ کو فروغ دیا، جس سے متعدد افراد کو مالی نقصان پہنچا۔ ان پر کئی قانونی دفعات کے تحت کارروائی کی گئی ہے، اور ان کے جسمانی ریمانڈ میں اب تک 6 بار توسیع ہو چکی تھی۔
ادھر سوشل میڈیا پر ڈکی بھائی کی ہتھکڑیوں میں لی گئی تصاویر اور وڈیوز وائرل ہورہی ہیں، جن پر مختلف آرا سامنے آ رہی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: معروف یوٹیوبر ڈکی بھائی عدالت میں پیش، جسمانی ریمانڈ میں توسیع
کچھ صارفین ان پر تنقید کر رہے ہیں کہ ایک بڑے یوٹیوبر کو ایسی غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث نہیں ہونا چاہیے تھا، جبکہ کچھ مداح ان کے حق میں ہمدردی کا اظہار کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔














