صحافی طیب بلوچ پر تشدد کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی، وزیر اطلاعات کا ردعمل

پیر 8 ستمبر 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے پی ٹی آئی کارکنوں کی جانب سے صحافی طیب بلوچ پر ہونے والے تشدد کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اختلاف رائے کی بنیاد پر کسی صحافی کو نشانہ بنانا ناقابل برداشت ہے، اور اس معاملے میں سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

سماجی رابطے کی سائٹ ’ایکس‘ پر اپنے بیان میں عطااللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ جب دلائل ختم ہو جاتے ہیں تو کچھ عناصر تشدد کا راستہ اپناتے ہیں، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ عدم برداشت کا شکار ہیں۔

انہوں نے مزید کہاکہ اس قسم کی سوچ نہ صرف جمہوری اقدار کے خلاف ہے بلکہ اظہارِ رائے کی آزادی پر حملہ بھی ہے۔

عطا اللہ تارڑ نے یقین دہانی کرائی کہ وہ ہمیشہ سے صحافیوں کے ساتھ کھڑے رہے ہیں اور اس کیس میں بھی طیب بلوچ کو انصاف دلانے کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائےگا۔

صحافتی حلقوں کی جانب سے بھی طیب بلوچ کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کیا جا رہا ہے، جبکہ سوشل میڈیا پر آواز اٹھائی جارہی ہے۔

واضح رہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان کی میڈیا ٹاک کے دوران اس وقت بدمزگی پیدا ہوگئی جب سوال کرنے پر صحافی طیب بلوچ پر پی ٹی آئی کارکنوں نے تشدد کیا، جبکہ کچھ دیگر صحافیوں کو بھی دھکے دیے گئے۔

یہ بھی پڑھیں: اڈیالہ جیل کے باہر علیمہ خان کی میڈیا ٹاک کے دوران بدنظمی، صحافیوں پر تشدد

صحافیوں نے پی ٹی آئی کارکنوں کے اس رویے پر علیمہ خان کی میڈیا ٹاک کا بائیکاٹ کردیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp