کوئٹہ سے ڈیڑھ سو کلو میٹر کی مسافت پر واقع ضلع بولان کے علاقے مشکاف میں ریلوے ٹریک پر زور دار دھماکہ ہوا۔ دھماکے کے نتیجے میں ایک ریلوے ملازم زخمی ہوا جبکہ ریلوے ٹریک کا ایک بڑا حصہ متاثر ہوا۔
زخمی ریلوے ملازم کو طبی امداد فراہم کرنے کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے۔
واقعہ کے فوراً بعد سیکیورٹی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں جہاں کلیئرنس کا عمل جاری ہے۔
ریلوے حکام کے مطابق دھماکے کے وقت ٹریک سے کوئی ٹرین نہیں گزر رہی تھی جس کی وجہ سے جانی نقصان نہیں ہوا تاہم کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس کو پنیر اور پشاور سے کوئٹہ آنے والی جعفر ایکسپریس کو سبی میں روک دیا گیا ہے۔ دونوں ٹرینوں کی روانگی سیکیورٹی کلیئرنس ملنے کے بعد ہوگی جبکہ متاثرہ ٹریک کو فعال بنانے کے لیے کام جاری ہے۔
دھماکے کی نوعیت معلوم کی جارہی ہے ۔ ابھی تک کسی تنظیم نے دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔