سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں پاکستانی سفارتخانے میں جناح میڈیکل کمپلیکس اینڈ ریسرچ سینٹر کے حوالے سے ایک اہم روڈ شو منعقد ہوا، جس میں سفارتی برادری، پاکستانی کمیونٹی اور ریاض میں مقیم ڈاکٹرز کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
پاکستان کے سفیر احمد فاروق نے اپنے خطاب میں کہا کہ اسلام آباد میں قائم ہونے والا جناح میڈیکل کمپلیکس اینڈ ریسرچ سینٹر پاکستان کے شعبہ صحت میں سنگِ میل ثابت ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: ریاض کا پاکستان نیشنل اسکول کیسے دونوں ممالک کو قریب لا رہا ہے؟
ان کے مطابق یہ ادارہ عوام کو معیاری اور جدید طبی سہولیات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ طبی تعلیم اور تحقیق کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔
تقریب میں ادارے کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین اور عالمی شہرت یافتہ ماہر امراض گردہ ڈاکٹر سعید اختر نے خصوصی شرکت کی اور منصوبے کی تفصیلات پر ایک جامع پریزنٹیشن دی۔
مزید پڑھیں: سہیل خواجہ کا دورہ ریاض، پاکستانی نوجوانوں کے لیے 200 ارب روپے کے اسکلڈ لیبر فنڈ کا اعلان
انہوں نے بتایا کہ یہ مرکز نہ صرف پاکستان بلکہ خطے میں بھی صحت کی سہولیات اور ریسرچ کے نئے دروازے کھولے گا۔
ریاض کے ڈاکٹرز گروپ نے منصوبے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور ڈاکٹر سعید اختر سے میڈیکل سہولیات، ریسرچ کے پہلوؤں اور مستقبل کے منصوبوں سے متعلق تفصیلی سوالات کیے جن کے جوابات ڈاکٹر سعید اختر نے دیے۔