وفاقی کابینہ نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر شہدا اور افواجِ پاکستان کے خلاف تضحیک آمیز مواد اور بیانات کی شدید مذمت کرتے ہوئے شرپسند عناصر کے سدباب کے لیے سخت کارروائی کی ہدایت کردی۔
کابینہ نے افواجِ پاکستان کے افسران و جوانوں کو خراجِ تحسین پیش کیا جو سرحدوں کی حفاظت اور ملک میں امن قائم رکھنے کے لیے عظیم قربانیاں دے رہے ہیں، جبکہ شہدا اور ان کے اہل خانہ کو بھی بھرپور انداز میں یاد کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: فوج مخالف پیغام شیئر کرنے پر نادرا کی خاتون افسر گرفتار
کابینہ اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہاکہ ایسے عناصر کی ہر فورم پر حوصلہ شکنی اور ان کی تضحیک آمیز مہم کا جواب دینا قومی ذمہ داری ہے۔
🚨🚨وزیراعظم کی زیرِ صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ۔وفاقی کابینہ نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر شہداء اور افواجِ پاکستان کے مخالف تضحیک آمیز مواد و بیان نشر کرنے کی بھرپور الفاظ میں مزمت کی، پاکستان کی سرحدوں کی حفاظت میں دن رات مصروف عمل افواج پاکستان کے افسران و جوانوں کو اور… pic.twitter.com/HA4xwDkbFX
— Abbas Shabbir (@Abbasshabbir72) September 10, 2025
انہوں نے واضح کیاکہ پاکستانی قوم اپنے شہدا اور ان کے اہل خانہ کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کر سکتی۔ کابینہ نے بنوں آپریشن میں شہید ہونے والے میجر عدنان اسلم کے درجات کی بلندی کے لیے دعا بھی کی۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج اسلام آباد میں منعقد ہوا، جس میں مون سون اور سیلابی صورتحال کے پیش نظر کلائیمیٹ ایمرجنسی اور زرعی ایمرجنسی کے نفاذ کی اصولی منظوری دی گئی۔
وزیرِ اعظم نے اعلان کیاکہ وہ جلد چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ اور متعلقہ حکام پر مشتمل اجلاس کی صدارت کریں گے، جہاں موسمیاتی تبدیلی کے مضر اثرات سے بچاؤ کے لیے مستقبل کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔
کابینہ کو ملک میں سیلابی صورتحال اور نقصانات پر بریفنگ دی گئی، جس کے بعد ایمرجنسی کے نفاذ کا فیصلہ ہوا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ لاکھوں ایکڑ زرعی اراضی اور فصلیں متاثر ہوئیں، جبکہ انفراسٹرکچر کی بحالی، کسانوں کی معاونت اور نقصانات کے ازالے کے لیے تجاویز پیش کی گئیں۔
وزیراعظم نے گزشتہ روز دوحہ میں اسرائیلی فورسز کی غیر قانونی اور گھناؤنی بمباری کی شدید مذمت کی، جس سے قیمتی جانوں کا ضیاع اور املاک کو نقصان پہنچا۔ انہوں نے امیرِ قطر، شاہی خاندان اور عوام کے ساتھ گہری ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان کا ’ایکس اکاؤنٹ‘ فوج مخالفت میں استعمال ہو رہا ہے، فواد چوہدری
عوامی ریلیف کے لیے وزیراعظم کی ہدایت پر بڑا اقدام اٹھایا گیا اور وفاقی کابینہ نے وزارتِ پیٹرولیم کی سفارش پر گیس کنکشنز کے منتظر صارفین کو ’آر ایل این جی‘ کنکشن فراہم کرنے کی منظوری دے دی۔ بتایا گیا کہ ’آر ایل این جی‘ صارفین کے لیے ایل پی جی کے مقابلے میں 30 فیصد کم لاگت پر دستیاب ہوگی۔