اسلام آباد میں غیر ملکی مہمان کی آمد و رفت کے باعث مختلف شاہراہوں پر آج غیر معمولی ٹریفک انتظامات کیے گئے ہیں۔
اسلام آباد ٹریفک پولیس کے مطابق صبح 08:30 بجے سے 11:30 بجے کے دوران ایکسپریس ہائی وے اور سری نگر ہائی وے پر ٹریفک کی روانی میں تعطل متوقع ہے۔
ترجمان ٹریفک پولیس نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ متبادل راستے استعمال کریں، ایکسپریس ہائی وے اور سری نگر ہائی وے سے منسلک سروس روڈ کو ترجیح دی جائے، جبکہ بلیو ایریا، ایف 6 اور ایف 7 کی طرف جانے والے شہری ایچ 8 انڈر پاس استعمال کریں۔
یہ بھی پڑھیں: ون ویلنگ کرتے نوجوان کی ویڈیو وائرل، ’اسلام آباد پولیس انہیں نشان عبرت بنائے‘
اسی طرح ریڈ زون اور سرینہ ہوٹل آنے جانے والی ٹریفک کو مارگلہ روڈ، جناح ایونیو، ایوب چوک اور نادرا چوک سے گزرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
بری امام جانے والے شہریوں کو نادرا چوک، جبکہ سیکٹر آئی اور ایچ کی جانب جانے والوں کو راولپنڈی پشاور روڈ اور آئی جے پی روڈ سے منسلک سروس روڈ استعمال کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
مری روڈ سے سرینہ اور فیض آباد براستہ راول ڈیم آمد و رفت مکمل طور پر بند رہے گی۔
مزید پڑھیں: اسلام آباد ٹریفک پولیس نے ایک ہفتے میں کتنی گاڑیوں کے چالان کیے؟
سی ٹی او کیپٹن (ر) حمزہ ہمایوں کے مطابق اسلام آباد ٹریفک پولیس شہریوں کی رہنمائی کے لیے مختلف مقامات پر موجود رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ شہری کسی بھی سفری دشواری سے بچنے کے لیے کم از کم 20 منٹ کا اضافی وقت رکھ کر سفر شروع کریں اور کسی بھی پریشانی یا رہنمائی کے لیے ہیلپ لائن 1915 پر رابطہ کریں۔
’مزید برآں، ٹریفک پولیس اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے شہریوں کو بروقت آگاہی فراہم کرتی رہے گی۔‘