صدر مملکت آصف علی زرداری نے جنوبی پنجاب میں حالیہ سیلاب سے متاثرہ عوام کے ساتھ گہری ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہزاروں متاثرین اپنے گھروں سے محروم اور روزگار کے ذرائع سے کٹ چکے ہیں، جو اس قدرتی آفت کی شدت کو اجاگر کرتا ہے۔
صدر زرداری نے یقین دلایا کہ حکومت مشکل کی اس گھڑی میں متاثرہ عوام کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور کسی کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست اپنی تمام تر ذمہ داریاں نبھاتے ہوئے متاثرین کو ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی۔
یہ بھی پڑھیں: سیلاب سے بے پناہ جانی اور اقتصادی نقصان ہوا، وزیراعظم کا ملک میں موسمیاتی اور زرعی ایمرجنسی کا اعلان
انہوں نے بتایا کہ ریسکیو، ریلیف اور بحالی کے کام صوبائی حکومت، مسلح افواج اور فلاحی اداروں کے بھرپور تعاون سے جاری ہیں اور متاثرین کو فوری طور پر بنیادی ضروریات پہنچانے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔
صدر مملکت نے کہا کہ سیلاب سے زراعت اور لائیو اسٹاک کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا ہے، جس کے نتیجے میں کسانوں اور غذائی سلامتی کو شدید خطرات لاحق ہیں۔ اس صورتحال کے پیشِ نظر ملک میں زرعی ایمرجنسی نافذ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں: زرعی و ماحولیاتی ایمرجنسی، پیپلز پارٹی کا خیرمقدم، فوری امداد اور عالمی اپیل کا مطالبہ
انہوں نے بتایا کہ زرعی ایمرجنسی چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی درخواست پر نافذ کی گئی ہے تاکہ کسانوں کو تحفظ فراہم کیا جائے اور زرعی شعبے کی جلد بحالی ممکن بنائی جاسکے۔ اس اقدام کا مقصد غذائی تحفظ کو یقینی بنانا اور ملکی معیشت کو سہارا دینا ہے۔
صدر آصف علی زرداری نے عوام پر زور دیا کہ وہ اتحاد اور یکجہتی کا مظاہرہ کریں اور جاری ریلیف آپریشنز میں حکومت کا بھرپور ساتھ دیں۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ متاثرہ علاقوں کی فوری ضروریات اور طویل المدتی بحالی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔