ترکیہ میں صدارتی و پارلیمانی انتخابات کے لیے پولنگ آج ہورہی ہے ۔ صدارتی انتخابات کے لیے 36 اور پارلیمانی انتخابات کے لیے 28 جماعتیں میدان میں ہیں۔
ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان، کمال قلیچ دار اوغلو اور سنان اوغنان براہ راست صدارت کے عہدے کے لیے امیدوار ہیں۔ ایک امیدوار محرم اینجہ الیکشن سے قبل دستبردارہوچکے ہیں۔
اس سے قبل ترکیہ میں صدارتی و پارلیمانی انتخابات کیلئے سمندر پار ووٹنگ کا عمل 9 مئی کو مکمل کیا گیا تھا۔ اوورسیز ووٹنگ میں 73 ممالک اور 156 فارن آفسسز میں پول ہونے والے 1.8 ملین اوورسیز ووٹ ترکیہ پہنچ گئے ہیں۔
ترکیہ میں صدارتی و پارلیمانی انتخابات کے لیے ووٹنگ صبح آٹھ سے شام پانچ بجے تک جاری رہے گی۔ سپریم الیکشن کمیشن کے مطابق 64ملین ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے۔
توقع کی جا رہی ہے کہ ترکیہ کے انتخابات میں کانٹے کے مقابلے ہوں گے، صدر رجب طیب اردگان کو اپنے دو دہائیوں کے دور اقتدار کے سب سے بڑے سیاسی چیلنج کا سامنا ہے۔