پاکستانی بیٹر صائم ایوب نے واضح کیا ہے کہ قومی ٹیم کی توجہ صرف روایتی حریف بھارت کے خلاف میچ پر نہیں بلکہ پورے ایشیا کپ جیتنے پر مرکوز ہے۔
پری میچ پریس کانفرنس میں صائم ایوب نے کہا کہ پاکستان کا مقصد ہر ٹیم کے خلاف بے خوف اور مثبت کرکٹ کھیلنا ہے، ہماری توجہ ایک میچ پر نہیں، بلکہ ٹورنامنٹ جیتنے پر ہے، یہی اس وقت سب سے زیادہ اہم ہے۔
یہ بھی پڑھیے: ایشیا کپ، پاک بھارت مقابلے سے قبل دبئی پولیس نے اہم ہدایات جاری کردیں
انہوں نے کہا کہ ہم یہ نہیں چاہتے کہ کوئی ایک دو ہی پرفارم کریں بلکہ تمام کھلاڑیوں کو اچھی پرفارمنس دینی چاہیے، میچ کے دن ہم پِچ کے کنڈیشنز دیکھتے ہیں، اس بار بھی دیکھ کر فیصلہ کریں گے کہ اسپنرز کھلانے ہیں یا فاسٹ باولرز۔
صائم کا کہنا تھا کہ میچ کھیلتے ہوئے مخالف ٹیم کا ہر باؤلر ایک چیلنج ہوتا ہے لیکن سب سے بڑا چیلنج ٹیم کو میچ جیتانا ہے۔
آج اتوار کو دبئی میں پاکستان اور بھارت ایشیا کپ میں اپنے پہلے میچ میں مدمقابل ہوں گے۔ یہ مئی میں دونوں ایٹمی طاقتوں کے درمیان 4 روزہ جنگ کے بعد پہلا کرکٹ مقابلہ ہوگا، جس نے اس میچ کو مزید اہمیت دے دی ہے، جبکہ اس سے قبل بھارت کی جانب سے میچ کا بائیکاٹ کرنے کی خبریں بھی زیر گردش رہیں۔













