معروف بالی ووڈ اداکارہ دیشا پٹانی کے آبائی گھر کے باہر فائرنگ کے واقعے کے بعد پولیس کے مطابق مشہور گینگسٹر گولڈی برار نے سوشل میڈیا پر حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے کئی خالی خول برآمد ہوئے ہیں جبکہ فرانزک ٹیمیں اور کرائم برانچ واقعے کی تحقیقات کر رہی ہیں۔ سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرلی گئی ہے اور گولڈی برار کے نیٹ ورک کے خلاف الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیے: اداکارہ حمیرا اصغر کی موت کیسے ہوئی؟ حتمی میڈیکل رپورٹ میں نیا انکشاف
گینگ کے رکن ویرندر چرن نے فیس بک پر الزام لگایا کہ دیشا پٹانی اور ان کی بہن خوشبو پٹانی نے مذہب کی توہین کی تھی۔ اس نے دعویٰ کیا کہ بریلی میں فائرنگ صرف ‘ٹریلر’ ہے اور آئندہ بھی کارروائی ہوسکتی ہے، اگر کوئی ہمارے مذہب کے تقدس کا خیال نہیں رکھتا ہے تو اسے نتائج کے لیے تیار ہونا ہوگا۔

یاد رہے کہ حال ہی میں خوشبو پٹانی نے ایک ہندو گرو کے متنازع بیان پر تنقید کی تھی جس کے بعد انہیں سوشل میڈیا پر سخت تنقید اور ٹرولنگ کا سامنا کرنا پڑا۔ خوشبو نے وضاحت دی کہ ان کے الفاظ کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا۔
سینیئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس انوراگ آریہ کے مطابق 5 تحقیقاتی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جبکہ پٹانی فیملی کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کی گئی ہے۔ واقعے کے وقت دیشا پٹانی کے والد ریٹائرڈ ڈی ایس پی جگدیش سنگھ پٹانی، ان کی والدہ اور بہن خوشبو گھر کے اندر موجود تھے۔














