وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر سینیئر وزیر مریم اورنگزیب نے بوٹ پر سیت پور کے سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کیا اور متاثرین سے ملاقات کی۔ دن کے وقت سیت پور کے دورے کے بعد وہ رات کو دوبارہ علی پور بھی پہنچیں۔

وزیر اعلیٰ کی خصوصی ہدایت پر سیت پور کے اندرونی علاقوں میں ٹینٹ اور دیگر امدادی سامان کی ترسیل جاری ہے۔
یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم شہباز شریف نے سیلاب زدہ علاقوں میں بجلی بلوں کی وصولی سے روک دیا
مریم اورنگزیب نے فلڈ ریلیف کیمپوں میں متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کی اور کہا کہ مجھے آپ کی بہن، بیٹی اور ماں مریم نواز نے آپ کی تکلیف میں آپ کے پاس بھیجا ہے۔ ان شاءاللہ آپ کے نقصان کا ازالہ کیا جائے گا۔
سیلاب متاثرین کو کھانا، خشک راشن، ٹینٹ اور دیگر ضروری سامان فراہم کیا جارہا ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ علی پور مکمل طور پر ڈوب گیا ہے اور وہاں بڑا نقصان ہوا ہے، جس کا تخمینہ لگانے کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت دی ہے کہ ہر متاثرہ فرد کے نقصان کا تعین کیا جائے تاکہ بروقت معاوضہ فراہم کیا جا سکے۔

متاثرین نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں بھی میاں نواز شریف سیلاب کے دوران خود ان کے درمیان آئے تھے اور آج اُن کی بیٹی مریم نواز نے انہیں بھیجا ہے، جس سے ان کے حوصلے بلند ہوئے ہیں۔














