ایشیا کپ 2025 کے گروپ اے کے میچ میں آج دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں بھارت اور پاکستان کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔
ابتدائی میچ میں بھارت نے متحدہ عرب امارات کے خلاف اسپنرز پر انحصار کیا تھا اور یہ حکمت عملی کامیاب رہی۔ کلدیپ یادو، اکشر پٹیل اور ورون چکرورتی پر مشتمل اسپن اٹیک نے حریف ٹیم کو صرف 57 رنز پر ڈھیر کر دیا جبکہ جسپریت بمراہ واحد اسپیشلسٹ فاسٹ بالر کے طور پر شامل تھے۔ بھارت نے ہدف صرف 4.3 اوورز میں حاصل کیا۔
یہ بھی پڑھیے: پاکستان انڈیا ایشیا کپ: سب سے سستے ٹکٹوں کی آفر سامنے آگئی
پچ کے رویے کو دیکھتے ہوئے ماہرین کا کہنا ہے کہ دبئی کی کنڈیشنز ایک بار پھر اسپنرز کو فائدہ دیں گی اور بھارت ممکنہ طور پر انہی کھلاڑیوں کے ساتھ میدان میں اترے گا۔ اکشر، کلدیپ اور ورون سے پاکستان کے خلاف مزید مدد ملنے کی توقع ہے۔ یوں پچ کی کنڈیشنز نے انڈیا کے ہیڈ کوچ گوتم گھمبیر کی مشکل آسان کردی ہے اور انہیں ٹیم میں کوئی ردوبدل نہیں کرنا پڑے گا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت اور پاکستان کے میچ کے لیے اسٹیڈیم کے ایک سینٹر پچ کو تیار کیا گیا ہے۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ رات کے وقت اوس پچ پر اثر انداز ہو سکتی ہے، اس لیے ٹاس جیتنے والی ٹیم بیٹنگ کو ترجیح دے گی۔
موسم کی صورتحال
دبئی میں آج دن کے وقت درجہ حرارت 39 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا پہنچے گا جبکہ نمی 44 فیصد کے قریب رہے گی۔ تیز ہوائیں تقریباً 33 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلیں گی۔ رات کے وقت درجہ حرارت 30 ڈگری کے قریب رہنے کی توقع ہے۔ بارش کا کوئی امکان نہیں البتہ کھلاڑیوں کو گرمی اور ہوا کے دباؤ کا سامنا کرنا پڑے گا۔
یہ بھی پڑھیے: جنگ ہوگی، پاکستان بمقابلہ انڈیا
ماہرین کرکٹ کا کہنا ہے کہ دبئی کی اسپن فرینڈلی کنڈیشنز بھارت کے لیے فائدہ مند ثابت ہو سکتی ہیں تاہم پاکستان کی بیٹنگ لائن اپ اسپن کے خلاف کس طرح ڈٹتی ہے، یہی میچ کا رخ طے کرے گا۔