ڈی جی ISPR کو مشورہ دینے سے پہلے اپنی جماعت کا نام پاکستان تحریک دہشت گردی رکھ دیں: مریم اورنگزیب کا عمران خان کے بیان پر رد عمل

اتوار 14 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

‎وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے عمران خان کے بیان کو ان کا اعتراف جرم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’ڈی جی آئی ایس پی آر کو مشورہ دینے سے پہلے اپنی جماعت کا نام پاکستان تحریک دہشت گردی رکھ دیں‘۔

وزارتِ اطلاعات سے جاری بیان کے مطابق وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’تمہیں حملوں، دہشت گردی اور بلوائیوں کا بالکل ویسے ہی نہیں پتا تھا جیسے تمہیں عدت میں شادی اور ٹیریان کے والد ہونے کا نہیں پتا‘۔

وزیر اطلاعات کا کہنا تھا ’حساس تنصیبات، عمارتوں، ایمبولنسس، بچوں، سکولوں، ہسپتالوں، مساجد اور مویشی منڈی پہ حملوں کے پیچھے تم اور تمہاری منصوبہ بندی ہے، شہدا اور غازیوں کی یادگاروں کی بے حرمتی کے پیچھے تم اور تمہاری منصوبہ بندی ہے‘۔

مریم اورنگزیب نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ ’تم نے بار بار کہا کہ میں گرفتار ہوا تو حملہ کرنا ہے اور جس کی سوچی سمجھی منصوبہ بندی تم نے کی، پاکستان کے سب سے بڑے دہشت گرد ہی ملک پہ حملہ آور ہیں جس کے تم ماسٹر مائینڈ ہو‘ ۔

وزیراطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا تھا چیف آف آرمی سٹاف اور ڈی جی آئی ایس پی آر کا بار بار نام اِس لیے لے رہا ہے کہ وہ غیر ملکی ایجنٹ سے بند کمرے میں نہیں مل رہے، ایوانِ صدر میں کوئی خفیہ ملاقات نہیں ہو رہی اِس لیے بار بار آرمی چیف اور ڈی جی آئی ایس پی آر کو پکارا جا رہا ہے۔

‎ وزیراطلاعات نے کہا کہ ’میری گھڑی میری مرضی نہیں، یہ قوم کا 60 ارب ہے اب میری مرضی نہیں چلے گی۔ ‎برطانیہ سے 190 ملین پاﺅنڈ سپریم کورٹ کیوں گیا؟ ‎تم اور تمہاری بیوی نے القادر ٹرسٹ میں 458 اور 254 کنال زمین ہڑپ کی۔ فارن فنڈنگ کی طرح غیر ملکی ایجنٹ اور اس کا ایجنڈا بھی پوری طرح بے نقاب ہو چکا ہے‘۔

ان کا کہنا تھا ’غیر ملکی ایجنٹ تمہاری ملک دشمنی، دہشت گردی اور مسلح جتھے ملک کے خلاف کھل کر سامنے آ گئے ہیں۔ ایمبولنس، سکول، ہسپتال، مسجد، میٹرو، موٹروے اور قومی اثاثوں پہ حملہ آور صرف دہشت گرد اور ملک دشمن ہوتے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp