وفاقی وزیرِ تجارت جام کمال خان اتوار کو تین روزہ سرکاری دورے پر ایران پہنچ گئے جہاں وہ پاکستان اور ایران کے درمیان معاشی تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لیے مختلف اجلاسوں اور ملاقاتوں میں شریک ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں: وفاقی وزیر تجارت جام کمال ڈھاکا پہنچ گئے، بنگلہ دیشی ہم منصب سے ملاقات طے
وزارتِ تجارت کے مطابق جام کمال خان اپنے دورے کے دوران پاکستان ایران مشترکہ اقتصادی کمیشن کے 22ویں اجلاس کی صدارت کریں گے اور پاکستان ایران مشترکہ بزنس فورم کی کو چیئرمین شپ بھی کریں گے۔
اتوار کے اور تہران پہنچنے پر امام خمینی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر انہیں ایران کی وزارتِ شاہراہ و شہری ترقی کے مشیر امین طرفاع نے خوش آمدید کہا۔
ترجمان وزارتِ تجارت کے مطابق وزیرِ تجارت اپنے قیام کے دوران ایرانی وزرا اور اعلیٰ حکام سے بھی ملاقاتیں کریں گے تاکہ دو طرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقع بڑھائے جا سکیں۔
یہ بھی پڑھیں: ایران پر پابندیوں میں نرمی پاکستان کے لیے تجارتی مواقع کی نوید ہے، وزیر تجارت جام کمال
خیال رہے کہ اگست میں ایرانی صدر مسعود پزیشکیان نے پاکستان کا دورہ کیا تھا جس میں دونوں ممالک کے درمیان 12 معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے تھے۔
ان معاہدوں میں پودوں کے تحفظ اور قرنطینہ، میر جاوہ۔تفتان بارڈر گیٹ کے مشترکہ استعمال، سائنس و ٹیکنالوجی میں تعاون، اور اطلاعات و مواصلات کی ٹیکنالوجی کے شعبوں میں اشتراک شامل تھے۔