پاکستانی سپر اسٹار فواد خان اور بالی وڈ اداکارہ وانی کپور کی نئی فلم ’آبیر گُلال‘ دنیا بھر میں 12 ستمبر کو ریلیز ہوچکی ہے، تاہم بھارت میں اس کی نمائش تاحال مؤخر ہے۔ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق فلم کو بھارت میں 26 ستمبر کو ریلیز کرنے کی تیاری کی جا رہی ہے۔
یہ فلم، جسے پہلے ’ابیر گُلال‘ کے نام سے پیش کیا گیا تھا، فواد خان کی تقریباً 8 سال بعد بھارتی سنیما میں واپسی ہے۔ فلم کی بھارت میں ریلیز کا اعلان ابھی تک سرکاری طور پر نہیں کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: فواد خان کی فلم ’عبیر گلال‘ کب ریلیز ہو گی، تاریخ سامنے آ گئی
بالی وڈ ہنگامہ کی رپورٹ کے مطابق پروڈیوسرز نے فیصلہ کیا ہے کہ فلم کو بھارت میں بیرون ملک ریلیز کے 2 ہفتے بعد سینما گھروں میں پیش کیا جائے گا۔
فلم کے پروڈیوسرز پرامید ہیں کہ یہ ایک سادہ اور خوبصورت رومانوی کہانی بھارتی شائقین کو اپنی طرف متوجہ کرے گی، خاص طور پر اس لیے کہ 26 ستمبر کو بھارت میں کوئی اور بڑی فلم ریلیز نہیں ہو رہی، جس سے ’آبیر گُلال‘ کو سولو ریلیز کا موقع ملے گا۔
تنازع اور تاخیر کی وجوہات
’آبیر گُلال‘ کی بھارتی ریلیز کو سیاسی کشیدگی نے مشکل بنا دیا تھا۔ یہ فلم 9 مئی 2025 کو بھارت میں ریلیز ہونا تھی لیکن 22 اپریل کو پہلگام حملے اور اس کے بعد پاک بھارت کشیدگی کے باعث یہ ریلیز ملتوی کردی گئی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: پہلگام واقعے کے بعد فواد خان کی فلم ’عبیر گلال‘ کے گانے یوٹیوب سے ڈیلیٹ کردیے گئے
فواد خان نے پہلگام حملے کی مذمت کی تھی، تاہم آپریشن سندور کو شرمناک حملہ قرار دیا، جس کے بعد بھارت میں ان کے خلاف شدید ردعمل سامنے آیا۔
سوشل میڈیا پر ان کی فلموں کے بائیکاٹ کا مطالبہ کیا گیا، جبکہ بھارتی حکومت نے پاکستانی فنکاروں کی سوشل میڈیا رسائی پر بھی پابندیاں عائد کر دیں۔ اس تنقید کی زد میں ماہرہ خان اور ہانیہ عامر جیسے دیگر پاکستانی فنکار بھی آئے۔
عالمی ریلیز اور پذیرائی
بھارت میں مشکلات کے باوجود ’آبیر گُلال‘ کو 12 ستمبر کو دنیا بھر میں ریلیز کر دیا گیا۔ فلم کے پروڈیوسرز کو نیا اعتماد اس وقت ملا جب 14 ستمبر کو پاک بھارت ایشیا کپ میچ کے دوران فلم کا ذکر زور پکڑ گیا، ان کا ماننا ہے کہ یہ وقت بھارتی شائقین کو بھی سینما گھروں کی طرف کھینچ سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: فلم بائیکاٹ کا خطرہ، پہلگام حملے پر فواد خان کا ردعمل بھی سامنے آگیا
اس رومانوی ڈرامے کی پروڈکشن وِویک بی اگروال، رضا نمازی اور فیروزی خان نے کی ہے جبکہ ہدایت کار آرتی ایس بگدی ہیں۔ موسیقی امیت تریویدی نے ترتیب دی ہے اور نغمے کمار نے لکھے ہیں۔