گوگل کی ایپ ‘جیمنی’ نے جمعے کے روز کئی ممالک میں ایپ اسٹور کے ٹاپ فری ایپس چارٹ پر پہلا مقام حاصل کر لیا۔
اس ٹیکنالوجی کمپنی نے حال ہی میں اپنے چیٹ بوٹ میں متعدد نئی خصوصیات متعارف کرائی ہیں جن میں نیا ‘نینو بنانا’ امیج ایڈیٹنگ ٹول، جیمنی لائیو میں بصری رہنمائی اور ازسرِنو ڈیزائن کی گئی پرامپٹ بار شامل ہیں۔ انہی اپ ڈیٹس کو ایپ کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کی بڑی وجہ قرار دیا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیے: گوگل کے جیمنی اے آئی میں آڈیو فائل اپلوڈ کرنے کی سہولت متعارف
فی الحال جیمنی آئی فون ایپ بھارت اور امریکا میں نمبر ون پوزیشن پر ٹرینڈ کر رہی ہے جبکہ کینیڈا اور برطانیہ میں جیمنی نے دوسرے نمبر پر جگہ بنائی۔ یہ پہلا موقع ہے کہ جیمنی نے یہ سنگ میل عبور کیا ہے۔ اس سے قبل چیٹ جی پی ٹی اور ڈیپ سیک بھی ایپ اسٹور پر سرفہرست آ چکے ہیں۔

تجزیہ کاروں کے مطابق ‘نینو بنانا’ اپ ڈیٹ اس مقبولیت کی بڑی وجہ ہو سکتا ہے۔ اگست کے آخر میں متعارف کرائی گئی یہ خصوصیت صارفین کو تصاویر اپ لوڈ کرنے اور مخصوص عناصر ہٹا کر یا چھوٹی موٹی تبدیلیاں کر کے بقیہ تصویر کو برقرار رکھنے کی سہولت فراہم کرتی ہے جو زیادہ تر اے آئی ماڈلز کے لیے مشکل ہوتا ہے۔
یہ فیچر تمام جیمنی صارفین کے لیے دستیاب ہے تاہم پریمیم سبسکرپشن والے صارفین کو زیادہ سہولتیں اور شرحاستعمال کی زیادہ گنجائش فراہم کی جاتی ہے۔
یہ بھی پڑھیے: گوگل کے جیمینی ’نینو بنانا ایپ‘ نے سوشل میڈیا پر دھوم مچادی
گوگل نے حالیہ دنوں میں جیمنی کے ساتھ ساتھ دیگر ایپس میں بھی تیز رفتاری سے نئی خصوصیات متعارف کرائی ہیں۔ گوگل ٹرانسلیٹ اب براہِ راست آواز کے ذریعے ترجمہ کرنے کی سہولت دیتا ہے جبکہ جیمنی پاورڈ لینگویج کوچنگ ٹول بھی شامل کیا گیا ہے جو صارفین کو نئی زبانیں سیکھنے اور مشق کرنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔













