اسلام آباد ٹریفک پولیس نے آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کے احکامات پر ون وے کی خلاف ورزیوں کے خلاف بھرپور کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔
پولیس ترجمان کے مطابق اب تک 280 مقدمات درج کیے جا چکے ہیں جبکہ 820 گاڑیاں اور موٹر سائیکل مختلف تھانوں میں بند کی گئی ہیں۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ہی ون وے کی خلاف ورزی کرنے والے 31 افراد کے خلاف مقدمات درج کیے گئے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس بھرپور ایکشن کے نتیجے میں ون وے کی خلاف ورزیوں میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے۔
یہ بھی پڑھیے: اسلام آباد ٹریفک پولیس کی ہیلمٹ آگاہی اور نفاذ مہم، 34 ہزار سے زائد سائیکل سواروں کے خلاف کارروائی
سی ٹی او کیپٹن (ر) حمزہ ہمایوں نے کہا کہ ون وے کی خلاف ورزی نہ صرف اپنی بلکہ دوسروں کی جان کے لیے بھی خطرہ ہے، لہٰذا شہری مہذب شہری ہونے کا ثبوت دیتے ہوئے ایسے غیرقانونی اقدامات سے گریز کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ ون وے کی خلاف ورزیوں کی روک تھام کے لیے سوشل میڈیا پر آگاہی مہم بھی جاری ہے اور اسلام آباد ٹریفک پولیس کے افسران ہر وقت سڑکوں پر موجود رہتے ہیں۔