امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے انکشاف کیا ہے کہ ان کی انتظامیہ طالبان سے افغانستان میں واقع بگرام ایئربیس واپس لینے کی کوشش کر رہی ہے۔
برطانوی وزیراعظم کیئر اسٹارمر کے ہمراہ پریس کانفرنس میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ ہم اسے واپس لینے کی کوشش کر رہے ہیں کیونکہ انہیں ہم سے چیزیں درکار ہیں، اور ہم وہ بیس واپس چاہتے ہیں۔
ٹرمپ نے کہا کہ بگرام ایئربیس امریکی فوج کے لیے اسٹریٹیجک اہمیت رکھتا ہے کیونکہ یہ چین کے اُس علاقے سے محض ایک گھنٹے کی مسافت پر ہے جہاں جوہری ہتھیار تیار کیے جاتے ہیں۔
مزید پڑھیں: ٹرمپ نے افغانستان میں چھوڑا گیا امریکی اسلحہ واپس لینے کا اعلان کر دیا
انہوں نے سابق صدر جو بائیڈن کی قیادت میں امریکی انخلا کے دوران بگرام کا کنٹرول چھوڑنے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے وہ بیس بغیر کسی قیمت کے دے دیا۔
یہ پہلا موقع ہے کہ طالبان کے ساتھ اس معاملے پر خفیہ مذاکرات کی موجودگی کا انکشاف ہوا ہے۔ واضح رہے کہ طالبان 2021 میں امریکی انخلا کے بعد سے بگرام ایئربیس پر قابض ہیں، جو افغانستان میں امریکا کا سب سے بڑا فوجی اڈہ تھا۔