پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اسٹریٹجک میوچوئل ڈیفنس ایگریمنٹ (SMDA) پر 17 ستمبر 2025 کو ریاض میں ہونے والے دستخطوں کا خیرمقدم کیا ہے۔
پی ٹی آئی کے مطابق یہ معاہدہ پاکستان اور سعودی عرب کے تاریخی تعلقات کی تجدید ہے، جو اسلامی اخوت، مشترکہ تزویراتی مفادات اور دیرینہ باہمی تعاون پر مبنی ہیں۔ بیان میں کہا گیا کہ دونوں برادر ملکوں کے درمیان دفاع اور سیکیورٹی کے شعبے میں تعاون کا فروغ دوطرفہ اور علاقائی سلامتی و استحکام پر مثبت اثر ڈالے گا۔
یہ بھی پڑھیے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تاریخی دفاعی معاہدہ، اہم نکات کیا ہیں؟
ترجمان پی ٹی آئی نے کہا کہ چیئرمین عمران خان ہمیشہ پاکستان کو ایک ایسا ملک تصور کرتے ہیں جو مسلم دنیا کو یکجا کرے، بین الاقوامی تعاون کو فروغ دے اور امن کے امکانات کو آگے بڑھائے۔ اسی تناظر میں سعودی عرب کے ساتھ شراکت داری میں اضافہ مسلم اتحاد اور اجتماعی سلامتی کی طرف ایک اہم قدم ہے، کیونکہ ہر پاکستانی کے لیے حرمین شریفین کا تقدس اور تحفظ ایمان کا بنیادی جزو ہے۔
پی ٹی آئی نے توقع ظاہر کی کہ SMDA کی مزید تفصیلات عوام کے ساتھ شیئر کی جائیں گی تاکہ پاکستانی عوام مکمل طور پر باخبر رہیں۔
یہ بھی پڑھیں وی ایکسکلوسیو: پاک سعودیہ دفاعی معاہدہ اسلامی دنیا کی سب سے بڑی پیشرفت ہے، مشاہد حسین
پارٹی نے سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کی اسٹریٹجک شراکت داری کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب کی عوامی اور حکومتی سطح پر پاکستان کے لیے مستقل حمایت کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ دونوں ملکوں کے درمیان بڑھتا ہوا تعاون نہ صرف پاکستان اور سعودی عرب بلکہ پورے خطے اور دنیا میں امن، استحکام اور خوشحالی کو فروغ دے گا۔













