امریکی فوج کا ایک بلیک ہاک ہیلی کاپٹر واشنگٹن میں گر کر تباہ ہو گیا، جس میں سوار 4 اسپیشل آپریشنز کے فوجیوں کی حالت تاحال ’نامعلوم‘ ہے۔
تھرسٹن کاؤنٹی شیرف آفس کے مطابق حادثہ سمٹ لیک کے علاقے میں پیش آیا، جہاں جائے حادثہ کو تلاش کر لیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: امریکا: 2 دن بعد ایک اور فضائی حادثہ، متعدد ہلاکتیں
امریکی میڈیا کے مطابق جائے حادثہ پر آگ لگی ہوئی ہے اور تقریباً ایک ایکڑ رقبہ جل کر خاکستر ہو چکا ہے۔ حادثہ مقامی وقت کے مطابق رات 9 بجے کے قریب پیش آیا۔
امریکی فوجی حکام کے مطابق بلیک ہاک میں سوار فوجی 160ویں اسپیشل آپریشنز ایوی ایشن رجمنٹ سے تعلق رکھتے ہیں اور وہ ایک معمول کی تربیتی پرواز پر تھے۔
مزید پڑھیں: امریکا میں ٹرک حادثہ عوامی ’بھٹہ پارٹی‘ کا سبب بن گیا
میڈیا رپورٹس کے مطابق ایئر ٹریفک کنٹرولر سے رابطہ منقطع ہونے کے بعد حادثے کا خدشہ ظاہر کیا گیا،حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
تھرسٹن کاؤنٹی شیرف ڈیریک سانڈرز نے بتایا کہ حادثے کا مقام جوائنٹ بیس لیوس مک کارڈ سے تقریباً 15 میل کے فاصلے پر ہے۔
مزید پڑھیں: امریکا میں لاپتہ جہاز کا ملبہ منجمد سمندر سے مل گیا، 10 افراد ہلاک
ان کے مطابق جائے حادثہ پر آگ اور شدید حرارت کے باعث ریسکیو ٹیموں کو مشکلات کا سامنا ہے، تاہم اسپیشل آپریشنز کی ریسکیو یونٹس وہاں پہنچ رہی ہیں۔
جوائنٹ بیس لیوس مک کارڈ پوجیٹ ساؤنڈ کے علاقے میں واقع ہے، جو آئی کور اور 62ویں ایئر لفٹ ونگ کا ہیڈکوارٹر ہے۔
مزید پڑھیں: امریکا میں غیر ملکی ٹرک ڈرائیورز کے ویزے فوری طور پر معطل، سبب کیا نکلا؟
بیس کی ویب سائٹ کے مطابق یہاں 40 ہزار حاضر سروس فوجی، ان کے اہل خانہ اور ہزاروں کنٹریکٹرز موجود ہیں۔
فوجی جریدے ملٹری ٹائمز کے مطابق حادثے کے وقت موسم صاف تھا اور 10 میل تک کا منظر واضح دکھائی دے رہا تھا۔












