بھارتی ریاست گجرات کے شہر وادودرا میں ایک انوکھا واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایک خاتون نے ٹھیلے والے سے کم گول گپے ملنے پر بیچ سڑک پر دھرنا دے دیا۔
یہ بھی پڑھیں:بھارتی بینک میں بیف پارٹی، ملازمین کا انوکھا احتجاج
بھارتی میڈیا کے مطابق خاتون نے 20 روپے دے کر 6 گول گپے خریدے مگر ٹھیلے والے نے صرف 4 گول گپے دیے۔ یہ دیکھ کر وہ برہم ہوگئیں اور سڑک پر ہی بیٹھ کر احتجاج شروع کر دیا۔
خاتون کا مطالبہ تھا کہ اسے مزید 2 گول گپے دیے جائیں تاکہ سودا پورا ہو، اس دوران راہگیر اور موٹر سائیکل سوار رک گئے اور اس منظر کو اپنے موبائل فونز میں قید کرنے لگے، کچھ ہی دیر میں موقع پر ہجوم جمع ہوگیا۔
یہ بھی پڑھیں: بیٹی کے زخمی ہونے پر والد کا انوکھا احتجاج، پانی بھرے گڑھے میں بستر لگا کر لیٹ گیا
پولیس بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔ خاتون نے روتے ہوئے اہلکاروں کو بتایا کہ وہ صرف اپنا حق چاہتی ہیں اور انصاف کے طور پر 6 گول گپے چاہییں۔
خاتون نے روتے ہوئے کہا کہ اس پانی پورے والے کا ٹھیلہ بند کروائیں، مجھے یہاں اس کا ٹھیلہ نہیں چاہیے۔
پولیس نے خاتون کو سڑک سے ہٹا کر ٹریفک بحال کرایا، تاہم یہ واضح نہیں ہوسکا کہ ٹھیلے والے نے آخرکار 2 مزید گول گپے دیے یا نہیں۔