پاکستان نے بھارتی طیاروں کے لیے اپنی فضائی حدود کی بندش میں مزید توسیع کرتے ہوئے 24 اکتوبر تک پابندی برقرار رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
پاکستان ایوی ایشن اتھارٹی کے ترجمان سیف اللہ خان کے مطابق یہ پابندی 19 ستمبر دوپہر 1 بجے سے نافذ ہوچکی ہے جو 24 اکتوبر صبح 4 بج کر 59 منٹ تک جاری رہے گی۔
یہ بھی پڑھیں: چاہ بہار پورٹ پابندی: بھارت کو کن مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا؟
ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے جاری نوٹم (نوٹس ٹو ایئرمین) میں واضح کیا گیا ہے کہ یہ پابندی تمام بھارتی رجسٹرڈ طیاروں پر لاگو ہوگی، چاہے وہ بھارت کی ملکیت ہوں، آپریٹ کیے جارہے ہوں یا لیز پر چلائے جارہے ہوں۔ اس میں فوجی پروازیں بھی شامل ہیں۔
یاد رہے کہ پاکستان نے 24 اپریل کو بھارت کے خلاف جوابی اقدامات کے طور پر فضائی حدود بند کرنے کا اعلان کیا تھا، جب نئی دہلی نے مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں ہونے والے حملے کا الزام بغیر ثبوت پاکستان پر عائد کیا تھا۔ اسلام آباد نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستانی فضائی حدود پر پابندی سے بھارتی ایئرلائنز کو کتنا نقصان ہوگا؟
کشیدگی میں شدت کے بعد دونوں جوہری طاقتوں کو امریکی مداخلت پر فائر بندی پر آمادہ ہونا پڑا، جس کے بعد 10 مئی کو پاکستان نے اپنی فضائی حدود عام پروازوں کے لیے کھول دی تھی۔ تاہم بھارتی طیاروں پر پابندی بدستور برقرار ہے، جسے اب مزید ایک ماہ کے لیے بڑھا دیا گیا ہے۔