ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے کے پہلے میچ میں سری لنکا کے 169 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیش کی بیٹنگ جاری ہے۔
دبئی میں کھیلے جارہے میچ میں بنگلہ دیش کے کپتان لٹن داس نے ٹاس جیت کر سری لنکا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 168رنز بنائے۔
سری لنکا کے کپتان داسن شاناکا نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 37 گیندوں پر 64 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی جس میں 3 چوکے اور 6 چھکے شامل تھے۔
کُسل مینڈس نے 34 اور پاتھم نسانکا نے 22 رنز بنائے، تاہم دیگر بلے باز نمایاں کارکردگی نہ دکھا سکے۔
بنگلہ دیش کی جانب سے مستفیض الرحمان سب سے کامیاب بولر رہے جنہوں نے 4 اوورز میں صرف 20 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ مہدی حسن نے 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ تسکین احمد نے ایک کھلاڑی کو پویلین بھیجا۔
اس سے قبل ٹاس جیتنے کے بعد بنگلہ دیش کے کپتان لٹن داس نے کہا کہ اس پچ پر اس سے قبل میچ میں دوسری بیٹنگ کرنے والی ٹیم جیتی تھی، میں بھی وکٹ کے بارے میں کچھ کنفیوز ہوں، اسی لیے ہم نے پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا۔ ہم سب بہت پرجوش ہیں، تمام کھلاڑی بہترین کارکردگی دکھا رہے ہیں۔ ہماری ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں۔
سری لنکا کے کپتان چریتھ اسلنکا نے کہا کہ اگر ٹاس جیتتا تو میں بھی یہی فیصلہ کرتا۔ پچ خشک ہے اور پرانی ہے، لیکن ہمیں بیٹنگ پہلے ملنے سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ خوشی ہے کہ کئی نوجوان کھلاڑی ٹیم میں آ کر اچھی پرفارمنس دے رہے ہیں۔ ہم اسی الیون کے ساتھ میدان میں اُتر رہے ہیں۔
سری لنکا کی قیادت چریتھ اسلنکا کر رہے ہیں جبکہ ٹیم میں پاتھم نسانکا، کوشل مینڈس، کوشل پریرا، نوانیدو فرنینڈو، کامندو مینڈس، کامل مشارا، داسن شناکا، وانندو ہسارنگا، دونتھ ویللاگے، چمیکا کرونارتنے، مہیش تھیکشنا، دشننتھا چمیرا، بینورا فرنینڈو، نوان تھشارا اور متھیشا پاتھیرانا شامل ہیں۔
بنگلہ دیش کی ٹیم کی قیادت لٹن داس کے سپرد ہے۔ دیگر کھلاڑیوں میں تنزید حسن، پرویز حسین ایمن، سیف حسن، توحید ہری دَے، جاکر علی انک، شمیم حسین، قاضی نورالحسن سہان، شاک مہدی حسن، رشاد حسین، ناصم احمد، مستفیض الرحمان، تنزیم حسن ساکب، تسکین احمد، شوریف الاسلام اور سیف الدین موجود ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق دونوں ٹیمیں اب تک 21 مرتبہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں آمنے سامنے آچکی ہیں جن میں سری لنکا نے 13 اور بنگلہ دیش نے 8 میچز جیتے۔ ایشیا کپ 2025 کے گروپ مرحلے میں بھی دونوں ٹیموں کا مقابلہ ہوا تھا جہاں سری لنکا نے 6 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی۔