وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کی ہدایت پر سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں سڑکوں کی بحالی کے کام ہنگامی بنیادوں پر شروع کر دیے گئے ہیں۔ مختلف وزرا اور محکمے اس عمل کی براہِ راست نگرانی کر رہے ہیں۔
وزرا کی نگرانی میں کام کا آغاز
صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق، مریم اورنگ زیب، کاظم پیرزادہ، صہیب بھرت اور رانا سکندر حیات نے اپنی نگرانی میں مختلف مقامات پر بحالی کے اقدامات شروع کروائے۔ وزیراعلیٰ نے ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں شاباش دی۔
یہ بھی پڑھیں:پنجاب حکومت اپنے یو ٹیوب چینل سے بیانیے کی جنگ جیت پائے گی؟
علی پور میں بحالی کی سرگرمیاں
علی پور میں متاثرہ سڑکوں اور شگاف پر کرنے کے لیے ٹیمیں سرگرم ہیں۔ محکمہ سی اینڈ ڈبلیو کی ٹیمیں بھاری مشینری کے ساتھ دن رات بحالی کے کام میں مصروف ہیں۔ علاقے میں ایک عارضی پل بھی بنا کر عوام کے لیے کھول دیا گیا ہے۔
دیگر علاقوں میں تیز رفتار اقدامات
دیگر علاقوں میں بھی تیز رفتار اقدامات جاری ہیں، جہاں خیرپور سادات میں متاثرہ سڑکوں کی تعمیر کا آغاز کیا جا چکا ہے۔
بستی دیسی کے قریب سیلاب سے پڑنے والا شگاف مکمل طور پر پر کر دیا گیا ہے جبکہ کل کنول روڈ بستی عظیم شاہ اور ماڑی روڈ عظمت پور پر شگاف پر کرنے کا عمل تیزی سے جاری ہے۔
اسی طرح خیرپور سلطان پور روڈ پر پڑنے والا شگاف بھی بھر دیا گیا ہے اور سڑک کو عوام کے لیے کھول دیا گیا ہے، جس سے مقامی لوگوں کو آمدورفت میں سہولت ملنے لگی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:پنجاب حکومت کا بڑا فیصلہ، سیلاب زدہ علاقوں میں بحالی آپریشن فوری شروع
عوام کو فوری ریلیف
ضلعی انتظامیہ اور محکمہ سی اینڈ ڈبلیو کی کاوشوں سے کئی علاقوں میں آمد و رفت بحال ہو چکی ہے، جس سے عوام کو شدید مشکلات کے بعد ریلیف ملنا شروع ہو گیا ہے۔