ہائیکورٹ کے ججز کی کارکردگی جانچنے کے لیے رولز بنانے کے معاملے پر اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اس ضمن میں مشاورت کی غرض سے جوڈیشل کمیشن کا اجلاس 26 ستمبر کو طلب کر لیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: جسٹس منصور علی شاہ کا سیکرٹری جوڈیشل کمیشن کے نام ایک اور خط، سینیارٹی پر سوالات
اس سے قبل جسٹس جمال خان مندوخیل کی سربراہی میں کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا تھا جس میں اکثریت سے یہ فیصلہ سامنے آیا کہ رولز بنانے کے معاملے کو جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کے فورم پر بھی دیکھا جا سکتا ہے۔
تاہم اب جوڈیشل کمیشن باضابطہ طور پر اس معاملے پر غور کرے گا۔
ہائیکورٹ ججز کی کارکردگی جانچنے کا موضوع کافی عرصے سے قانونی اور عدالتی حلقوں میں زیربحث ہے۔
مزید پڑھیں: جوڈیشل کمیشن نے چاروں ہائیکورٹس کے مستقل چیف جسٹس صاحبان کے ناموں کی منظوری دے دی
ماضی میں مختلف بار کونسلز اور سول سوسائٹی نے اس بات پر زور دیا کہ ججز کی تعیناتی کے ساتھ ساتھ ان کی کارکردگی کے معیارات طے ہونا بھی ناگزیر ہیں تاکہ عدالتی نظام میں شفافیت اور عوامی اعتماد کو مزید مستحکم کیا جا سکے۔
تاہم اس حوالے سے واضح رولز یا طریقہ کار تاحال وضع نہیں کیا گیا تھا۔ اب جوڈیشل کمیشن کے حالیہ اقدامات کو اس سمت میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔