اسلام آباد ٹریفک پولیس نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ یکم اکتوبر تک ڈرائیونگ لائسنس بنوالیں، بصورت دیگر سخت کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔
چیف ٹریفک آفیسر کیپٹن ریٹائرڈ حمزہ ہمایوں نے واضح کیا کہ مقررہ تاریخ کے بعد لائسنس کے بغیر ڈرائیونگ کرنے والوں کے خلاف نہ صرف مقدمات درج ہوں گے، بلکہ گرفتاریاں بھی ہوں گی اور گاڑیاں ضبط بھی کی جائیں گی۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد میں بغیر لائسنس گاڑی چلانے پر اب ایف آئی آر درج ہوگی، بڑا فیصلہ کرلیا گیا
ان کا کہنا تھا کہ کارروائی بلا امتیاز ہوگی، شہری کسی بھی طبقے سے تعلق رکھتے ہوں۔
انہوں نے بتایا کہ اسلام آباد ٹریفک پولیس یکم اکتوبر تک شہریوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کر رہی ہے، اس مقصد کے لیے فیض آباد ٹریفک آفس، ایف 6 سہولت مرکز اور ٹریفک سہولت وینز پر لائسنس بنوائے جا سکتے ہیں۔
چیف ٹریفک آفیسر نے کہا کہ ڈرائیونگ لائسنس کی صرف فزیکل کاپی کو قبول کیا جائے گا، ڈیجیٹل کاپی کسی صورت قابل قبول نہیں ہوگی۔
مزید پڑھیں: اسلام آباد میں بغیر لائسنس گاڑی چلانے پر اب ایف آئی آر درج ہوگی، بڑا فیصلہ کرلیا گیا
ان کے مطابق ایک ذمہ دار شہری ہونے کا تقاضا ہے کہ ڈرائیونگ لائسنس حاصل کیا جائے تاکہ قانونی کارروائی اور کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچا جا سکے۔
حمزہ ہمایوں نے مزید کہا کہ بغیر لائسنس ڈرائیونگ اپنی اور دوسروں کی جان کو خطرے میں ڈالنے کے مترادف ہے اور اسلام آباد ٹریفک پولیس شہریوں کی جان کو خطرے میں ڈالنے کی اجازت نہیں دے گی۔