اسرائیل نے یمن کے دارالحکومت صنعا پر فضائی حملے کیے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیل نے صنعا میں 70اسکوائر اور باب ال یمن میں 13 مقامات پر فضائی حملے کیے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: اسرائیل کا یمن پر حملہ: حوثیوں نے وزیراعظم احمد غالب الرہوی کی شہادت کی تصدیق کردی
حوثی زیرانتظام المسیرہ ٹی وی اور مقامی رہائشیوں نے ان حملوں کی تصدیق کی ہے، یہ کارروائی ایک روز بعد کی گئی جب حوثی باغیوں نے اسرائیل کے بحیرۂ احمر کے ساحلی شہر ایلات میں ایک ہوٹل پر ڈرون حملے کا دعویٰ کیا تھا۔
مقامی رہائشیوں کے مطابق فضائی حملے صنعا کے جنوبی اور مغربی علاقوں میں کیے گئے، تاہم ہلاکتوں یا نقصان کی تفصیلات فوری طور پر سامنے نہیں آئیں۔ اسرائیل کی جانب سے اس حملے پر کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں ہوا،فضائی کارروائی اس وقت ہوئی جب حوثی رہنما عبدالملک الحوثی کا ریکارڈ شدہ خطاب نشر ہو رہا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: اسرائیل کے بین گوریون ایئرپورٹ پر حوثیوں کا میزائل حملہ، 6 زخمی
گزشتہ روز حوثی باغیوں کی جانب سے داغے گئے ڈرون نے اسرائیل کے جنوبی شہر ایلات میں 22 افراد کو زخمی کر دیا تھا۔ میڈیکل حکام کے مطابق زخمیوں میں سے 2 کی حالت تشویشناک ہے، یہ حملہ اسرائیل کے جدید میزائل ڈیفنس سسٹم کے لیے ایک نایاب رخنہ ثابت ہوا، جو اب تک زیادہ تر ڈرونز اور میزائلوں کو راستے ہی میں تباہ کر دیتا رہا ہے۔
اسرائیلی وزیر دفاع اسرائیل کاتز نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کہا کہ جو کوئی اسرائیل کو نقصان پہنچائے گا، اسے 7 گنا نقصان اٹھانا پڑے گا۔ اسرائیلی فوج نے تصدیق کی کہ انہوں نے ڈرون کو روکنے کی کوشش کی تھی لیکن وہ اپنے ہدف تک پہنچ گیا۔













