انصار الاسلام کس جماعت کی رضا کار تنظیم، بنیادی ذمہ داریاں کیا ہیں؟

پیر 15 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سیاسی جماعتوں کے رضاکار ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں جو جماعت کو منظم رکھنے اور سیکیورٹی فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں اسی طرح پاکستان کی ایک بڑی وفاقی جماعت جمعیت علمائے اسلام فضل الرحمان گروپ (جے یو آئی ف) کی ایک رضا کار تنظیم ہے جس کا نام انصار الاسلام ہے۔

خاکی لباس میں ملبوس انصار الاسلام جے یو آئی (ف) کی ذیلی رضا کار تنظیم ہے جسے ایک معمول کی فورس اور پارٹی قیادت کی حفاظت کے لیے تشکیل دیا گیا ہے۔ انصار الاسلام کی تشکیل کا مقصد اور ایجنڈا الیکشن اور ریلیوں کے دوران قیادت کو تحفظ فراہم کرنا ہے۔

بشکریہ وی نیوز

انصار الاسلام کب وجود میں آئی۔

انصار الاسلام کی بنیاد 1910 میں حضرت شیخ الہند نے دہلی میں رکھی۔ اس کے پہلے امیر حبیب الرحمان عثمانی جبکہ ناظم عبیداللہ سندھی تھے۔ یہ کسی بھی سیاسی جماعت کی پہلی رضاکار تنظیم تھی جس کا مقصد نوجوانوں کی سیاسی تربیت کرنا تھا۔ انصار الاسلام کے رضاکار تحریک پاکستان کی جدوجہد میں برابر کے شریک رہے اور اس تنظیم نے انگریزوں کو اس سرزمین سے بھگانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کیا۔

جمعیت علمائے اسلام کے دستور میں انصار الاسلام کو جماعت کی روح قرار دیا گیا ہے۔ ابتدائی ادوار میں ملیشیا میں ملبوس رضاکار اپنی ذمہ داریاں نبھاتے رہے بعد ازاں جمعیت علمائے اسلام کے دستور میں ترمیم کی وجہ سے وہی رضاکار سفید وردی میں کام کرتے نظر آئے، تاہم موجودہ وردی کا رنگ خاکی ہے۔

انصار الاسلام کی ذمہ داریاں

انصار الاسلام کا کام جمعیت علمائے اسلام کے جلسے، جلوس، اجتماعات اور مظاہروں کو سیکیورٹی فراہم کرنا ہے۔ تنظیم کے مرکزی سالار کو بطور ناظم یہ اختیار مجلسِ شوریٰ کی منظوری سے دیا جاتا ہے۔ تنظیم کا ناظم رضاکاروں کو منظم کرنے کے لیے تربیت کا نظام ترتیب دے سکتا ہے۔

تنظیم کی مجلسِ شورٰی میں مرکزی سالار صوبائی سالار ضلعی سالار تحصیل کا سالار اور مقامی سالار کا عہدہ متعلقہ مجلسِ عاملہ میں باقاعدہ مقرر کیا گیا ہے تاکہ اسے مظبوط بنایا جا سکے۔ اس سب کے ساتھ ساتھ سالار نہ صرف پارٹی ذمہ داریاں سر انجام دے رہے بلکہ ملک میں بیشتر فلاحی کاموں میں بھی حصہ لیتے ہیں۔

انصار الاسلام کی بھرتی کا طریقہ کار

ملک بھر میں انصار الاسلام کے رضاکاروں کی تعداد لاکھوں میں ہے جن کی بھرتی کا ایک منظم طریقہ کار ہے۔ پارٹی آئین کے مطابق انصار الاسلام کے رضاکار کا پارٹی رکن ہونا لازم ہے۔ جماعت کی جانب سے تمام انصار الاسلام کا ڈیٹا کمپیوٹرائزڈ ہے، اسی بنیاد پر مرکزی سطح پر انصار الاسلام کا کارڈ جاری کیا جاتا ہے۔ ڈیٹا موجود ہونے کی وجہ سے سیکیورٹی فول پروف ہونے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp