شمالی امریکا کی لمبی اور ٹھنڈی خزاں کی راتیں اس اکتوبر فلکیاتی شائقین کے لیے خاص رہیں گی کیونکہ آسمان پر مختلف مظاہر دیکھنے کو ملیں گے جن میں دو شہابیوں کی بارش بھی شامل ہے۔
اکتوبر کا آغاز ایک شاندار چاندنی رات سے ہوگا۔ 6 اکتوبر کی شب سال کا پہلا ‘سپر مون’ نمودار ہوگا جو عام چاند کے مقابلے میں کچھ بڑا اور روشن دکھائی دیتا ہے کیونکہ یہ زمین کے نسبتاً قریب ہوتا ہے۔
یہ بھی پڑھیے: نیوجرسی میں ’شہابی چٹان‘ گھر پر آگری
اس بار یہ چاند ‘ہارویسٹ مون’ بھی ہوگا، جو عام طور پر ستمبر میں آتا ہے لیکن 2025 ان چند برسوں میں سے ایک ہے جب یہ اکتوبر میں طلوع ہوگا۔
یہ سپر ہارویسٹ مون 6 اکتوبر کی رات سے 7 اکتوبر کی صبح تک آسمان کو روشن کرے گا۔
اس کے بعد اکتوبر کی پہلی شہابیوں کی بارش ‘ڈریکنڈ’ ہوگی جو 8 اکتوبر کی رات سے 9 اکتوبر کی صبح تک اپنے عروج پر پہنچے گی۔ یہ ایک چھوٹا مظاہرہ ہے جس میں عام طور پر فی گھنٹہ 10 شہابیاں دیکھی جا سکتی ہیں۔
اس سال تقریباً پورا چاند ہونے کے باعث ہلکی شہابیاں نظر آنا مشکل ہوگا تاہم کچھ روشن لکیریں آسمان پر جگمگا سکتی ہیں۔ دیگر شہابیوں کے برعکس یہ بارش آدھی رات سے پہلے دیکھنے کے لیے زیادہ موزوں ہے۔
اکتوبر کے سب سے بڑے مظاہروں میں سے ایک ‘اورائنڈ’ شہابیوں کی بارش ہوگی جو 22 اکتوبر کی رات سے 23 اکتوبر کی صبح تک عروج پر ہوگی۔
یہ بھی پڑھیے: سپر بلڈ مون: پاکستان سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں چاند گرہن
اس سال یہ مظاہرہ نئے چاند کے دنوں میں آئے گا جس سے آسمان بالکل تاریک ہوگا اور شہابیاں زیادہ نمایاں نظر آئیں گی۔ ماہرین کے مطابق فی گھنٹہ تقریباً 20 شہابیاں دیکھی جا سکیں گی۔
یہ شہابیاں ‘اورائن’ نامی برج کی سمت سے نکلتی دکھائی دیتی ہیں اور زیادہ تر آدھی رات کے بعد نمودار ہوتی ہیں جب یہ برج آسمان پر بلند ہو جاتا ہے۔ یوں اکتوبر فلکیات کے شائقین کے لیے یادگار مظاہر لے کر آ رہا ہے۔