بلوچستان کے ضلع پنجگور کے نواحی علاقے گومازی میں ایک افسوسناک ٹریفک حادثہ پیش آیا، جہاں زمباد، بس اور موٹرسائیکل آپس میں ٹکرا گئے۔ خوفناک تصادم کے نتیجے میں 9 افراد جاں بحق جبکہ ایک شخص شدید زخمی ہوگیا۔
یہ بھی پڑھیں:ڈیرہ اسماعیل خان: داناسر میں المناک ٹریفک حادثہ، ایک ہی خاندان کے 11 افراد جاں بحق
اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچیں اور جاں بحق افراد و زخمی کو ٹیچنگ اسپتال پنجگور منتقل کردیا گیا۔
میڈیکل ایمرجنسی پنجگور کے سربراہ مصرور احمد کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں زمباد میں سوار 2 افراد، بس کے 6 مسافر اور موٹرسائیکل سوار ایک شخص شامل ہیں، جبکہ موٹرسائیکل پر سوار ایک شخص زخمی ہے جسے فوری طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ جاں بحق اور زخمیوں کی شناخت کا عمل جاری ہے۔
یہ بھی پڑھیں:جسٹس عائشہ ملک کے اسکواڈ میں شامل گاڑی کو حادثہ، 5 پولیس اہلکار زخمی
پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق تیز رفتاری حادثے کی بڑی وجہ بنی۔ تصادم کے بعد بس اور زمباد میں آگ بھڑک اٹھی، جسے فائربریگیڈ عملے نے کافی جدوجہد کے بعد بجھایا۔ ریسکیو اہلکاروں نے شہریوں کی مدد سے سڑک کو کلیئر کر کے ٹریفک بحال کر دیا۔