پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بھارتی فاسٹ بولر ارشدیپ سنگھ کے رویے کے خلاف انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) میں باضابطہ شکایت درج کرا دی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پی سی بی کی جانب سے دائر کردہ شکایت میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ 21 ستمبر کے میچ کے اختتام پر ارشدیپ سنگھ نے انتہائی نامناسب اشارے کیے جو آئی سی سی کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہیں۔
یہ بھی پڑھیے: ایشیا کپ، محسن نقوی کا بڑا فیصلہ، حارث رؤف پر عائد ہونے والا جرمانہ اپنی جیب سے ادا کرنے کا فیصلہ
شکایت کے مطابق ارشدیپ نے شائقین کرکٹ کی جانب فحش اشارے کیے جس سے کھیل کی ساکھ متاثر ہوئی۔ رپورٹس کے مطابق پی سی بی حکام نے آئی سی سی سے مطالبہ کیا ہے کہ ارشدیپ کے خلاف ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے۔
یہ امر قابل ذکر ہے کہ اس سے قبل پی سی بی نے بھارتی کپتان سوریا کمار یادو کے خلاف بھی آئی سی سی میں شکایت درج کرائی تھی، جس میں کہا گیا تھا کہ انہوں نے میچ کے بعد پریس کانفرنس میں سیاسی بیان دیا تھا جو کھیل کی روح اور دیانت داری کے منافی ہے۔
شکایت کے بعد آئی سی سی نے بھارتی کپتان پر میچ فیس کا 30 فیصد جرمانہ عائد کیا تھا۔