ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے چیٹ جی پی ٹی کی طرز پر اپنی نئی اے آئی ایپ ’ویریٹاس‘ لانچ کردی ہے۔
ایپل نیکسٹ جنریشن تیاریوں میں مصروف ہے اور اس مقصد کے لیے ایک چیٹ جی پی ٹی طرز کی نئی ایپ متعارف کرائی گئی ہے جسے کمپنی نے اندرونی طور پر ’ویریٹاس‘ کا نام دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ایپل کی اوپن اے آئی سے شراکت داری، نئے فیچرز کیا ہیں؟
بلوم برگ کی رپورٹ کے مطابق یہ ایپ سری میں آنے والی بڑی تبدیلیوں کو آزمانے اور عملی گفتگو کے ذریعے خامیوں کو دور کرنے کے لیے ڈیزائن کی گئی ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ویریٹاس بالکل ایک عام چیٹ بوٹ کی طرح کام کرتی ہے، جہاں صارفین مختلف موضوعات پر گفتگو کرسکتے ہیں اور اپنے سوالات کے تسلسل میں جوابات حاصل کرسکتے ہیں۔
ایپل کے انجینیئرز اس ایپ کو پرامپٹ اسٹریٹیجی، ایرر ہینڈلنگ اور ریسپانس جنریشن کو بہتر بنانے کے لیے استعمال کررہے ہیں تاکہ عوام کے سامنے پیش کرنے سے پہلے سری کے نظام کو زیادہ ذہین اور مؤثر بنایا جاسکے۔
یہ بھی پڑھیں: ایپل نے نیا موبائل آپریٹنگ سسٹم ’آئی او ایس 26‘ جاری کردیا، نئے فیچرز کیا ہیں؟
اس تجرباتی عمل کا مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ سری کا نیا ورژن، جسے اندرونی طور پر ’لن وڈ‘ کہا جاتا ہے، ہموار طریقے سے کام کرے۔ یہ فریم ورک بڑے لینگویج ماڈلز (LLMs) پر مبنی ہے جس میں ایپل کے اپنے فاؤنڈیشن ماڈلز کے ساتھ ایک تھرڈ پارٹی اے آئی ماڈل بھی ضم کیا گیا ہے۔
ابتدائی طور پر ایپل نے نئی سری کو آئی او ایس 18 کے ساتھ متعارف کرانے کا منصوبہ بنایا تھا، تاہم بار بار کی تاخیر کے باعث اب اس کی متوقع ریلیز مارچ 2026 میں ہوگی۔ اس اپ ڈیٹ میں نہ صرف زیادہ اسمارٹ فیچرز شامل ہوں گے بلکہ سری کے انٹرفیس کو بھی نیا ڈیزائن دیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: ایپل کی اوپن اے آئی سے شراکت داری پر ایلون مسک کی دلچسپ ٹویٹ
مزید یہ کہ ایپل اس وقت مصنوعی ذہانت پر مبنی اسمارٹ ہوم ڈیوائسز پر بھی کام کر رہا ہے اور اپنی پروڈکٹ رینج جیسے ویب سرچ اور دیگر ہارڈویئر میں اے آئی فیچرز کو وسعت دینے کی منصوبہ بندی کررہا ہے۔