سول سوسائٹی اسلام آباد نے نیشنل پریس کلب کے سامنے غزہ اور گلوبل سمود فلوٹیلا کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے لیے احتجاجی مظاہرہ کیا، جس میں انسانی حقوق کے کارکنوں، طلبہ، میڈیا نمائندوں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
شرکا نے فلسطینی عوام کے حق میں نعرے لگائے اور اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کی اور حکومتِ پاکستان، عالمی برادری اور بالخصوص مسلم ممالک کی قیادت سے اپیل کی کہ وہ فوری اور فیصلہ کن اقدامات کریں تاکہ فلوٹیلا کو ممکنہ خطرات سے محفوظ بنایا جا سکے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ عالمی مزاحمتی فلوٹیلا کوئی سیاسی اقدام نہیں بلکہ ایک انسانی ہمدردی کی کوشش ہے، جو غزہ کے بھوکے، زخمی اور بیمار عوام کے لیے آخری کرنِ امید ہے۔
مزید پڑھیں: ایشیائی کارکنان کا سب سے بڑا فریڈم فلوٹیلا غزہ کے لیے روانہ ہونے کو تیار
انہوں نے کہا کہ فلوٹیلا ضروری سامان لے کر جا رہا ہے، جن میں بچوں کا دودھ، پینے کا صاف پانی، خوراک، ادویات اور دیگر اشیائے ضرورت شامل ہیں۔ یہ بہادر انسانی حقوق کے کارکن 44 ممالک سے تعلق رکھتے ہیں اور سنگین خطرات اور حملوں کے باوجود اپنی جانیں داؤ پر لگا رہے ہیں۔
شرکا نے اقوام متحدہ اور او آئی سی سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنے اثر و رسوخ کا استعمال کرتے ہوئے فلوٹیلا کے مشن کی حفاظت کو یقینی بنائیں اور غزہ کے لیے خوراک اور طبی امداد پہنچانے کے لیے ایک انسانی راہداری قائم کریں۔