صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے پاکستانی باکسر سمیر خان کو یوتھ ورلڈ بینٹم ویٹ عالمی ٹائٹل جیتنے پر مبارکباد پیش کی ہے۔
اپنے پیغام میں صدرِ مملکت نے کہا کہ پاکستان نے پہلی بار یوتھ ورلڈ بینٹم ویٹ ٹائٹل اپنے نام کیا ہے جو پوری قوم کے لیے فخر کا لمحہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ سمیر خان نے اپنی شاندار کارکردگی سے پاکستان کا نام عالمی سطح پر روشن کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیے: ٹوکیو میں فائٹ کے دوران دماغی چوٹیں، 2 باکسرز جان سے گئے
صدر آصف علی زرداری نے نوجوان باکسر کی محنت، عزم اور جذبے کو قابلِ تعریف قرار دیتے ہوئے کہا کہ سمیر خان جیسے کھلاڑی پاکستان کے نوجوانوں کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔
یاد رہے کہ سمیر خان نے بینکاک کے باکسنگ رِنگ میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے بھارتی باکسر بنٹی سنگھ کو ناک آؤٹ کر کے تاریخ رقم کی اور 52 کلوگرام کیٹیگری میں عالمی یوتھ چیمپئن بننے کا اعزاز اپنے نام کیا۔














