جلاؤ گھیراؤ ہمارے لوگوں نے نہیں کیا، لندن پلان کے تحت پی ٹی آئی پر پابندی کی سازش ہو رہی ہے: عمران خان

پیر 15 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ملکی املاک کو نقصان پہنچانے والے کون لوگ ہیں اس حوالے سے تفصیلات سامنے لائیں گے۔ میرا مطالبہ ہے کہ اس کی آزادانہ انکوائری کرائی جائے۔

اپنے ایک ویڈیو پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف ایسی جماعت ہے جس نے 27 سال تک کوئی انتشار نہیں کیا۔ یہاں تک کے مجھے گولیاں لگنے کے بعد بھی کوئی پُر تشدد احتجاج نہیں کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ لندن پلان کے تحت تحریک انصاف پر پابندی لگانے کی سازش کی جا رہی ہے اور اسی کے تحت تخریب کاروں کو ہمارے احتجاج میں ڈال کر جلاؤ گھیراؤ کرایا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ اس وقت یکطرفہ بیانیہ چلایا جا رہا ہے۔ مجھے فوج نے جس طرح پکڑا اس کا رد عمل تو آنا ہی تھا مگر اب سارا نزلہ تحریک انصاف پر گرایا جا رہا ہے۔ ہمارے پاس ویڈیو ثبوت موجود ہیں کہ کِس طرح سے منصوبہ بندی کے تحت ملکی املاک کو جلایا گیا۔ تحریک انصاف کا اس سے کوئی تعلق نہیں۔

یہ بھی پڑھیں فوجی تنصیبات پر حملہ کرنے والوں کے خلاف آرمی ایکٹ کے تحت کارروائی ہوگی، کور کمانڈرز کانفرنس کا اعلامیہ

عمران خان نے کہا کہ مجھے جیل میں ڈالنے کا منصوبہ بنانے والے شاید تاریخ سے واقف نہیں۔ مشرقی پاکستان میں جو ہوا تھا وہ سب کے سامنے ہے کہ ملک ٹوٹ گیا۔

چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ میں اپنی قوم سے اپیل کرتا ہوں کہ آپ نے سازش کو ناکام بنانا ہے کیوں کہ ہم بھیڑ بکریاں نہیں ہیں۔ پر امن احتجاج ہمارا آئینی حق ہے۔ یہ اپنی حقیقی آزادی کا موقع ہے اس کو ضائع نہیں کرنا کیوں کہ آگے ایسا وقت نہیں آئے گا۔

واضح رہے کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی القادر ٹرسٹ کرپشن کیس میں گرفتاری کے بعد تحریک انصاف کی جانب سے احتجاج کیا گیا تھا اور اس دوران کئی اہم املاک کو نقصان پہنچایا گیا۔ اس کے علاوہ شہدا کی یادگاروں پر بھی دھاوا بولا گیا تھا مگر تحریک انصاف کا موقف ہے کہ جلاؤ گھیراؤ کرنے والے لوگوں کا ہماری پارٹی سے کوئی تعلق نہیں۔

یہ بھی واضح رہے کہ 9 مئی کے واقعات کے حوالے سے تحریک انصاف کے مرکزی اور مقامی رہنماؤں کی کچھ مبینہ آڈیوز بھی سامنے آئی ہیں جن میں وہ کارکنوں کو اہم ملکی تنصیبات پر دھاوا بولنے کی ہدایات دے رہے ہیں مگر اس کے باوجود چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سمیت پی ٹی آئی قیادت اس بات کو ماننے سے انکاری ہے کہ پُر تشدد کارروائیاں کرنے والے ان کے ہی کارکنان تھے۔

یہ بھی پڑھیں یاسمین راشد کا حکم ہے کور کمانڈر آفس کو آگ لگا دو، عباد فاروق کی مبینہ آڈیو سامنے آگئی

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp