بلوچستان: مائنز اینڈ منرلز بل پر اتفاق رائے کی کوششیں، وزیر اعلیٰ کی اسمبلی میں تفصیلی وضاحت

پیر 29 ستمبر 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ ہماری مخلوط حکومت کا آغاز ہی سے یہ مؤقف رہا ہے کہ بلوچستان کے اہم معاملات پر وسیع تر اتفاق رائے قائم کیا جائے۔

صوبائی اسمبلی کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بھی واضح ہدایات دی ہیں کہ صوبے کے اہم مسائل پر اپوزیشن اور سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لے کر مشترکہ حکمت عملی بنائی جائے۔

یہ بھی پڑھیں: بلوچستان مائنز اینڈ منرل ایکٹ کے خلاف جے یو آئی کی ہائیکورٹ میں آئینی درخواست، قانون کو عوام دشمن قرار دیدیا

وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ جب مائنز اینڈ منرلز بل بلوچستان اسمبلی میں آیا تو حکومت نے کسی بھی قسم کی یکطرفہ کارروائی سے گریز کیا اور بل کو کمیٹی کے حوالے کیا گیا۔ کمیٹی میں اپوزیشن اور حکومتی اراکین نے تفصیلی بحث کی۔ بعد ازاں وزیراعلیٰ ہاؤس میں شق وار غور و خوض کیا گیا جس میں ماہرین اور متعلقہ انجمنوں کو بھی شامل کیا گیا تاکہ یہ قانون زیادہ جامع اور سب کے لیے قابل قبول بنایا جا سکے۔

’انسانی سطح پر پڑھنے یا سمجھنے میں غلطیاں ممکن ہیں‘

سرفراز بگٹی نے کہاکہ انسانی سطح پر پڑھنے یا سمجھنے میں غلطیاں ممکن ہیں، لیکن بدقسمتی سے کچھ عناصر نے اسے غیر ضروری طور پر سیاسی رنگ دینے کی کوشش کی۔ ہمارا مؤقف واضح ہے کہ بلوچستان اسمبلی ایک سپریم ادارہ ہے اور فیصلے اسی ایوان کے اندر ہونے چاہییں۔

انہوں نے مزید کہاکہ حکومت نے ایک بار پھر اپوزیشن کے دوستوں، اپوزیشن لیڈر اور حتیٰ کہ ان جماعتوں کو بھی دعوت دی ہے جو اسمبلی میں موجود نہیں، تاکہ وہ آ کر اس بل پر اپنی رائے دیں۔ اگر کسی شق پر اپوزیشن یا دیگر جماعتوں کو اعتراض ہے تو ہم اسے بہتر بنانے کے لیے تیار ہیں۔ اور اگر ہمارے دلائل سے وہ قائل ہو جاتے ہیں تو یہ بھی جمہوری عمل کا حصہ ہے۔

وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے اپوزیشن اور اسپیکر اسمبلی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ اسمبلی میں مثبت ماحول فراہم کیا گیا جس کے نتیجے میں یہ طے پایا کہ بل کو مشترکہ قرارداد کی شکل دی جائے۔

’اسمبلی سیکریٹریٹ اس سلسلے میں رہنمائی کرے گا‘

انہوں نے کہاکہ اسمبلی سیکریٹریٹ اس سلسلے میں رہنمائی کرے گا تاکہ یہ بل دوبارہ ایوان میں لا کر اتفاق رائے سے منظور کیا جا سکے۔

اپوزیشن کے اعتراضات پر بات کرتے ہوئے انہوں نے وضاحت کی کہ اپوزیشن کی درخواست پر مائنز اینڈ منرلز ایکٹ پر عملدرآمد فی الحال ایگزیکٹو آرڈر کے ذریعے روک دیا گیا ہے اور آئندہ 10 سے 15 روز میں اس پر مکمل اتفاق رائے پیدا کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

انہوں نے کہاکہ جو بھی دوست وزیراعلیٰ ہاؤس آ کر مشاورت کرنا چاہیں، ہمارے دروازے ان کے لیے کھلے ہیں۔ چاہیں تو اسمبلی میں بیٹھ کر بھی تبادلہ خیال کیا جا سکتا ہے۔

سرفراز بگٹی نے کہاکہ وفاقی نمائندے اور دیگر اسٹیک ہولڈرز بھی اس عمل میں شامل ہوں گے تاکہ ہر پہلو کا احاطہ کیا جا سکے۔

’پیپلز پارٹی کی سیاست ہمیشہ مکالمے اور اتفاق رائے کی رہی ہے‘

انہوں نے کہاکہ پیپلز پارٹی کی سیاست ہمیشہ مکالمے اور اتفاق رائے کی سیاست رہی ہے۔ ہماری قائد بے نظیر بھٹو شہید فرمایا کرتی تھیں کہ جمہوری اقدار اور قومی ترقی صرف اتحاد اور ہم آہنگی کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ ہم اسی روایت کو آگے بڑھاتے ہوئے چاہتے ہیں کہ یہ بل بلوچستان کے عوام کی امنگوں کا عکاس ہو اور ہر سیاسی قوت اس کا حصہ بنے۔

وزیر اعلیٰ نے امید ظاہر کی کہ مائنز اینڈ منرلز سے متعلق بل کو متفقہ قرارداد کی صورت میں منظور کیا جائے گا تاکہ یہ قانون نہ صرف صوبے کے عوام کی خواہشات کو پورا کرے بلکہ بلوچستان کے وسائل کے منصفانہ اور شفاف استعمال کی ضمانت بھی بنے۔

اپوزیشن کے اعتراضات کیا ہیں؟

واضح رہے کہ اپوزیشن نے موقف ہے کہ مجوزہ مائنز اینڈ منرلز ایکٹ میں بعض شقیں غیر ملکی اور بڑی سرمایہ کار کمپنیوں کو حد سے زیادہ اختیارات دیتی ہیں، جبکہ مقامی کان کن برادری اور مزدوروں کے حقوق کے تحفظ کو نظر انداز کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعلیٰ بلوچستان کا مائنز اینڈ منرلز ایکٹ دوبارہ اسمبلی سے اتفاق رائے سے منظور کرانے کا اعلان

ان کے مطابق بل میں رائلٹی اور ریونیو کی تقسیم کے طریقہ کار کو بھی واضح نہیں کیا گیا، جس کے باعث خدشہ ہے کہ صوبے کے عوام کو اپنے وسائل سے براہ راست فائدہ نہیں پہنچے گا۔

اپوزیشن کا یہ بھی کہنا ہے کہ مقامی حکومتوں اور متاثرہ اضلاع کو ترقیاتی منصوبوں میں شریک کرنے کی ضمانت بل میں شامل نہیں ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

ایشیا کپ میں شرکت کے بعد قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کی وطن واپسی

نمک منڈی میں چپلی کباب نے بھی جگہ بنالی

9 ٹرینوں کا اوپن آکشن اور نئی ریل گاڑیوں کا منصوبہ بھی، ریلویز کا مستقبل کیا ہے؟

سعودی عرب اور پاکستان سمیت کئی اسلامی ممالک کا غزہ جنگ بندی کے لیے ٹرمپ کی کوششوں کا خیرمقدم

پاکستان میں بجلی صارفین پر گردشی قرضے کا بوجھ: حکومت کا لائحہ عمل کتنا مؤثر ہے؟

ویڈیو

نمک منڈی میں چپلی کباب نے بھی جگہ بنالی

9 ٹرینوں کا اوپن آکشن اور نئی ریل گاڑیوں کا منصوبہ بھی، ریلویز کا مستقبل کیا ہے؟

کیا بھارتی کرکٹ ٹیم پر پابندی لگنی چاہیے؟

کالم / تجزیہ

یہ حارث رؤف کس کا وژن ہیں؟

کرکٹ کی بہترین کتاب کیسے شائع ہوئی؟

سیزیرین کے بعد طبعی زچگی اور مصنوعی دردِ زہ