واٹس ایپ نے ایک نیا فیچر متعارف کرا دیا ہے جس کے تحت اب صارفین ایک ہی ٹچ کے ذریعے اسٹیٹس ویو کرنے والے افراد سے براہِ راست چیٹ کرسکیں گے۔
ٹیک ویب سائٹ ڈبلیو اے بیٹا انفو کے مطابق اب اسٹیٹس ویوئرز کی فہرست میں ہر کانٹیکٹ کے ساتھ ایک بٹن شامل کر دیا گیا ہے، جسے دبانے سے فوری طور پر چیٹ ونڈو کھل جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: واٹس ایپ اسٹیٹس پر طویل وائس نوٹ لگانا اب ممکن
اس سے قبل صارفین کو کسی ویو کرنے والے شخص کو پیغام بھیجنے کے لیے پہلے اسٹیٹس اسکرین سے نکلنا پڑتا تھا اور پھر چیٹس ٹیب میں جا کر متعلقہ کانٹیکٹ کو منتخب کرنا پڑتا تھا۔ نیا شارٹ کٹ اس سارے عمل کو ختم کر کے براہِ راست چیٹ کو نہایت آسان بناتا ہے۔
اس فیچر کی بدولت صارفین اسٹیٹس دیکھنے کے فوراً بعد کسی بھی شخص کو تیز اور بے ساختہ پیغام بھیج سکیں گے۔
یہ نیا فیچر فی الحال واٹس ایپ بیٹا برائے آئی او ایس کے تازہ ترین ورژن میں تمام بیٹا ٹیسٹرز کے لیے دستیاب ہے، جبکہ آئندہ اپ ڈیٹس میں مزید صارفین تک اس کا دائرہ بڑھایا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: خاص پیغام کی یادہانی کے لیے واٹس ایپ کا نیا فیچر متعارف
واٹس ایپ حالیہ عرصے میں کئی نئے اور منفرد فیچرز متعارف کرا چکا ہے۔ تازہ اپ ڈیٹ میں اسٹیٹس کے لیے کوئیک شیئرنگ آپشنز بھی شامل کیے گئے ہیں جبکہ اسٹیٹس لی آؤٹ کو دوبارہ ڈیزائن کیا گیا ہے، جس میں ویو کاؤنٹ کو بالکل انسٹاگرام اسٹوریز کی طرز پر بائیں جانب منتقل کیا گیا ہے۔