فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے مالی سال 2024-2025 کے لیے انکم ٹیکس ریٹرن جمع کرانے کی آخری تاریخ میں توسیع کرتے ہوئے 15 اکتوبر تک بڑھا دی ہے۔
ایف بی آر کی جانب سے منگل کو جاری ہونے والے سرکلر کے مطابق یہ فیصلہ مختلف بزنس ایسوسی ایشنز، ٹیکس بار ایسوسی ایشنز اور عوام کی درخواستوں پر کیا گیا ہے۔ توسیع کا اطلاق انکم ٹیکس آرڈیننس 2001 کی سیکشن 214(اے) کے تحت کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیے: انکم ٹیکس ریٹرن فارم 2025 میں کوئی نئی ترمیم نہیں کی گئی، ایف بی آر
اعلامیے میں وضاحت کی گئی ہے کہ اس توسیع کا مقصد ٹیکس دہندگان کو اضافی وقت فراہم کرنا ہے تاکہ وہ اپنی قانونی ذمہ داری پوری کر سکیں اور اصل تاریخ پر ریٹرن جمع نہ کرانے والے افراد کو مزید سہولت مل سکے۔
واضح رہے کہ ایک روز قبل ایف بی آر نے اعلان کیا تھا کہ ریٹرن جمع کرانے کی تاریخ 30 ستمبر سے آگے نہیں بڑھائی جائے گی اور جو افراد مقررہ وقت پر ریٹرن جمع نہیں کرائیں گے انہیں جرمانے اور لیٹ فائلر کا درجہ دیا جائے گا۔
دوسری جانب لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایل سی سی آئی) نے حکومت سے درخواست کی تھی کہ انکم ٹیکس ریٹرن جمع کرانے کی آخری تاریخ کو 31 اکتوبر تک بڑھایا جائے تاکہ بزنس کمیونٹی کو سہولت دی جاسکے۔
یہ بھی پڑھیے: ایف بی آر کی ٹیکس چوری میں ملوث جیولرز کیخلاف کارروائی کی تیاری، ڈیٹا بھی حاصل کرلیا
گزشتہ ہفتے حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری نے بھی وفاقی حکومت سے انکم ٹیکس ریٹرن جمع کرانے کی تاریخ میں 48 روز کی توسیع کا مطالبہ کیا تھا۔ چیمبر کے صدر محمد سلیم میمن نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ یہ ریلیف ضروری ہے تاکہ ٹیکس دہندگان کو غیر ضروری جرمانوں اور مشکلات سے بچایا جا سکے۔














