پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے خضدار، بلوچستان میں ایک انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الہندستان سے تعلق رکھنے والے 4 دہشتگردوں کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان کے مطابق گرفتار دہشتگرد عورتوں کا لباس پہن کر بزدلانہ طریقے سے فرار ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔ کارروائی کے دوران اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔ یہ دہشتگرد علاقے میں متعدد دہشتگردانہ سرگرمیوں میں ملوث رہے ہیں۔
مزید پڑھیں: خضدار: قبائلی رہنما میر عطا الرحمان مینگل قاتلانہ حملے میں جاں بحق، بیٹا زخمی
علاقے میں مزید دہشتگردوں کی موجودگی کے خدشے کے پیش نظر سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز بھارتی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں اور دہشتگردوں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے قومی عزم پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔