جنوبی افریقہ کے سابق کپتان اے بی ڈی ویلیئرز نے ایشیا کپ کے فائنل میں بھارتی ٹیم کے رویے کو افسوسناک اور کھیل کی روح کے منافی قرار دے دیا۔
بھارت نے ٹورنامنٹ جیتنے کے بعد ایشین کرکٹ کونسل کے صدر محسن نقوی سے اس لیے ٹرافی وصول کرنے سے انکار کردیا تھا کیونکہ ان کا تعلقات پاکستان سے تھا۔ اس حرکت نے نہ صرف شائقین کو مایوس کیا بلکہ بھارت کے کئی سابق کرکٹرز نے بھی کھل کر اپنی ٹیم پر تنقید کی۔
مزید پڑھیں: ملک کے لیے جذبات رکھنا فطری بات لیکن دوران کھیل اصولوں کی خلاف ورزی مناسب نہیں، کپل دیو
اے بی ڈی ویلیئرز نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ ’ٹیم انڈیا اس بات پر خوش نہیں تھی کہ ٹرافی کون دے رہا ہے، لیکن یہ رویہ کھیل میں نہیں ہونا چاہیے۔ سیاست کو الگ رہنا چاہیے اور کھیل کو کھیل ہی رہنا چاہیے۔ یہ منظر کافی افسوسناک اور تکلیف دہ تھا مگر امید ہے کہ مستقبل میں وہ اس معاملے کو بہتر طریقے سے حل کرلیں گے‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایسے واقعات کھلاڑیوں کو مشکل صورتحال میں ڈال دیتے ہیں اور کھیل کی اصل خوبصورتی کو متاثر کرتے ہیں۔ ان کے مطابق آخر میں جو ہوا وہ بالکل خوشگوار نہیں تھا، اور یہی چیز انہیں ناگوار گزری۔
مزید پڑھیں: محسن نقوی سے ٹرافی وصول نہ کرنے پر بھارتی ٹیم آئی سی سی سے معطلی کی مضبوط امیدوار ہے، راشد لطیف
یہ امر قابل ذکر ہے کہ اے بی ڈی ویلیئرز ہمیشہ بھارت کے لیے نرم گوشہ رکھتے آئے ہیں، اسی لیے ان کی جانب سے اس قدر سخت مؤقف کو خاص اہمیت دی جا رہی ہے۔