ریاض کے قریب علاقے ملہم میں بین الاقوامی باز اور شکار کی نمائش شروع ہوگئی جو 11 اکتوبر تک جاری رہے گی۔ سعودی باز کلب کے سربراہ طلال بن عبدالعزیز الشمیسی کے مطابق یہ دنیا کی سب سے بڑی نمائش ہے جو باز بانی اور شکار کے سعودی ورثے کو دنیا کے سامنے پیش کرتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:ایک ارب ڈالر سے تعمیر ہونے والا ’ٹرمپ پلازہ‘ منصوبہ، جدہ شہر کی نئی پہچان
نمائش میں 28 خصوصی شعبے اور 23 سے زائد سرگرمیاں شامل ہیں، جن میں منگولیا کے بازوں کا گوشہ، نجران کے تاریخی ورثے پر مبنی علاقہ، سفاری ایریا، نوجوانوں کے لیے بازوں کی تربیت کا گاؤں، ڈیجیٹل میوزیم، بازوں سے جڑی روایتی پوشاکیں، پرانی گاڑیوں کی نمائش اور سعودی خواتین دستکاروں کے اسٹال نمایاں ہیں۔
شرکا کے لیے بازوں کی پرواز کے مقابلے، سعودی روایتی رقص، گھڑ سواری، کارٹنگ، اونٹ سواری، بازوں اور اونٹوں کی نیلامی، نشانہ بازی کے مقابلے اور 30 سے زائد تربیتی ورکشاپس کا اہتمام کیا گیا ہے۔
سب سے نمایاں پروگرام ملواح ریس ہے جو 5 سے 10 اکتوبر تک جاری رہے گا، اس میں چھ زمروں کے باز حصہ لیں گے اور 60 فاتحین کو مجموعی طور پر 6 لاکھ ریال انعام دیا جائے گا۔
یہ نمائش ہر سال لاکھوں افراد کو اپنی طرف کھینچتی ہے، جو نہ صرف سعودی عرب کے روایتی ورثے سے واقفیت حاصل کرتے ہیں بلکہ سیاحت، ثقافت اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع بھی دیکھتے ہیں۔ داخلہ مفت ہے اور روزانہ سہ پہر 3 بجے سے رات 11 بجے تک عام لوگوں کے لیے کھلا رہے گا۔