عمران خان کیخلاف درج مقدمات کی تفصیل، لاہور ہائیکورٹ نے فیصلہ محفوظ کر لیا

منگل 16 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

لاہور ہائیکورٹ نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے خلاف 9  مئی کے بعد درج مقدمات کی تفصیل کی فراہمی کے لیے دائر درخواست پر فیصلہ محفوظ  کر لیا ہے۔

 عمران خان کے خلاف 9 مئی کے بعد درج مقدمات کی تفصیل کے لیے دائر درخواست پر سماعت جسٹس صفدر سلیم شاہد  نے کی۔

عمران خان کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے عدالت کو بتایا  کہ عمران خان کے خلاف درج تین مقدمات کا علم ہے، اسلام آباد ہائی کورٹ نے بھی حکم دیا ہے کہ نامعلوم مقدمات میں بھی گرفتار نہ کیا جائے۔ جس مقدمہ کا علم ہی نہیں اس میں کیسے قانونی تحفظ لیا جا سکتا ہے۔

بیرسٹر سلمان صفدر  نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے 9 مئی  کے واقعات کی مذمت کی جو عدالتی ریکارڈ کا حصہ ہے۔

’عمران خان کہتے ہیں کہ انہیں باہر کے حالات کا کچھ علم نہیں تھا، وہ کہتے ہیں کہ انھیں ایک کمرے میں بند کر دیا گیا تھا، ہم عدالت میں  ضمانت کے لیے نہیں آٸے بلکہ بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے آٸے ہیں۔‘

عمران خان کے وکیل نے کہا کہ  ہم یہ چاہتے ہیں کہ جب تک سارے مقدمات کا علم نہ ہو گرفتار نہ کیا جائے، یہ عدالت بھی سپریم کورٹ اور اسلام آباد ہاٸی کورٹ کی طرح گرفتاری سے روکے ۔

سرکاری وکیل غلام سرور نہنگ  نے موقف اختیار کیا کہ جس طرح کا ریلیف درخواست گزار عمران خان مانگ رہے ہیں  وہ ممکن نہیں۔ عدالت کے جانب سے عمران خان کی رہائی کے فیصلے کی مثال نہیں ملتی۔

غلام سرور نہنگ   نے کہا کہ اب یہ تو نہیں ہو سکتا کہ ملزم ایک ضمانت کے لیے جائے اور سب میں ہو جائے، عدالت عمران خان کی درخواست مسترد کرے۔

 فریقین کی جانب سے دالائن مکمل ہونے پر عدالت نے عمران خان کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp