وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے سمود فلوٹیلا میں سوار پاکستانی شہریوں کے حوالے سے کہا ہے کہ پاکستان اپنے بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ بھرپور رابطے میں ہے تاکہ غیرقانونی طور پر قابض اسرائیلی افواج کے ہاتھوں حراست میں لیے گئے پاکستانی شہریوں کی حفاظت اور فوری واپسی کو یقینی بنایا جا سکے۔
ترجمان نے تصدیق کی کہ ایک دوست یورپی ملک کے سفارتی ذرائع کے ذریعے معلوم ہوا ہے کہ سابق سینیٹر مشتاق احمد قابض اسرائیلی افواج کی تحویل میں ہیں، تاہم وہ محفوظ اور صحت مند ہیں۔
یہ بھی پڑھیے: اسرائیل کا گلوبل صمود فلوٹیلا کے قیدیوں کے ساتھ سلوک کیسا ہے؟ سویڈش کارکن نے پردہ فاش کردیا
مزید بتایا گیا کہ مقامی قانونی تقاضوں کے تحت سینیٹر مشتاق کو عدالت میں پیش کیا جائے گا اور جیسے ہی ان کے خلاف ملک بدری کے احکامات جاری ہوں گے، ان کی وطن واپسی کو فوری بنیادوں پر ممکن بنایا جائے گا۔
وزارتِ خارجہ اس سے قبل اُن افراد کی واپسی بھی یقینی بنا چکی ہے جو پہلے جہاز سے اتر گئے تھے۔ اس سلسلے میں ہم ان برادر ممالک کے انتہائی شکر گزار ہیں جنہوں نے پاکستانی شہریوں کی واپسی میں تعاون فراہم کیا۔
پاکستانی حکومت اپنے تمام شہریوں کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے اور توقع ہے کہ یہ عمل آئندہ چند روز میں مکمل ہو جائے گا۔