اسپین کے فٹبال کلب ‘ایتھلیٹک بلباؤ’ نے ‘مایورکا’ کے خلاف میچ سے قبل فلسطینی عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ایک خصوصی تقریب کا اہتمام کیا۔
تقریب کے دوران اسپین کے باسک ریجن میں مقیم 11 فلسطینی پناہ گزین اور یو این آر ڈبلیو اے کے نمائندے سان مامیس اسٹیڈیم میں کھلاڑیوں کے ساتھ میدان میں داخل ہوئے جہاں شائقین نے فلسطینی پرچم لہرائے اور کھڑے ہوکر ان کا استقبال کیا۔
یہ بھی پڑھیے: ’غزہ میں نسل کشی بند کرو‘، یورپ کے مختلف شہروں میں ہزاروں افراد کا احتجاج، لندن میں گرفتاریاں
اسی دوران اسٹیڈیم کی بڑی اسکرینوں پر ‘ایتھلیٹک فلسطین کے ساتھ ہے۔ نسل کشی بند کرو’ کا پیغام دکھایا گیا۔
تقریب میں شریک افراد میں ہنی تھالجیہ بھی شامل تھیں، جو فلسطینی ویمنز نیشنل فٹبال ٹیم کی سابق کپتان اور بانی ہیں۔
یہ مظاہرہ ایتھلیٹک کلب فاؤنڈیشن اور یو این آر ڈبلیو اے اِسکادی کے جاری منصوبے کا حصہ ہے جس کا آغاز اکتوبر میں کیا گیا تھا۔ اس تعاون کے تحت شام میں موجود تقریباً 8 ہزار فلسطینی پناہ گزین بچوں کو 16 اسکولوں میں جسمانی تعلیم کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔













