جامعہ نورہ یونیورسٹی ریاض میں ’انٹرنیشنل بک فیئر‘ کے عنوان سے ایک شاندار نمائش کا انعقاد کیا گیا، جس میں مختلف ممالک کے پبلشرز، تعلیمی اداروں، محققین اور کتاب دوست افراد نے بھرپور شرکت کی۔
نمائش میں دنیا بھر سے لٹریچر، دینی علوم، سائنسی تحقیق، تاریخ، فلسفہ، آرٹ اور جدید علوم سے متعلق کتب پیش کی گئیں۔ کتابوں کو دیکھنے اور خریدنے کے لیے علم و مطالعے کے شوقین افراد کی بڑی تعداد موجود تھی۔
مزید پڑھیں: سابق سعودی سفیر ڈاکٹر علی عسیری کی پاک سعودی تعلقات پر نئی کتاب
بک فیئر کا سب سے نمایاں پہلو پاکستان میں سعودی عرب کے سابق سفیر، ڈاکٹر علی عوض عسيری کی کتاب ’بدلتی ہوئی دنیا میں سعودی عرب اور پاکستان کا دیرپا رشتہ‘کی تقریبِ رونمائی تھی۔ یہ تصنیف دونوں ممالک کے تاریخی و ثقافتی تعلقات پر مبنی ہے اور بہت جلد پاکستان میں بھی لانچ کی جائے گی۔
تقریب میں ہزاروں افراد شریک ہوئے، جن میں پاکستانی، سعودی اور دیگر ممالک کے نمائندے شامل تھے۔ شرکا نے کتاب کو بے حد سراہا اور مصنف نے اپنی دستخط شدہ کاپیاں پیش کرکے تقریب کو یادگار بنا دیا۔
مزید پڑھیں: ہر قسم کے ویزا ہولڈر عمرہ کے مناسک ادا کر سکتے ہیں، سعودی عرب کا اعلان
نمائش میں مختلف زبانوں میں لکھی گئی نادر اور تاریخی کتب بھی شامل تھیں، جنہیں خاص طور پر طلبا، اساتذہ اور محققین نے بے حد پسند کیا۔ منتظمین کے مطابق اس عالمی کتاب میلے کا مقصد نوجوان نسل میں مطالعے کا شوق بیدار کرنا، علمی و فکری تعلقات کو فروغ دینا اور مختلف ممالک کے درمیان علمی تبادلے کو مزید مضبوط بنانا ہے۔
بک فیئر میں آنے والے مہمانوں نے کہا کہ جامعہ نورہ یونیورسٹی کی یہ کاوش قابلِ تحسین ہے۔ ایسے علمی میلوں سے نہ صرف کتاب دوستی کو فروغ ملتا ہے بلکہ معاشرے میں علم و تحقیق کی فضا بھی قائم ہوتی ہے۔













