ڈنمارک کے جج جسٹس محمد احسن نے سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے وفد سے ملاقات کی۔ وفد کی قیادت سپریم کورٹ بار کے صدر میاں رؤف عطا نے کی۔
ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، عدالتی نظام میں اصلاحات اور پاکستان و ڈنمارک کے درمیان قانونی تعاون کے فروغ پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
مزید پڑھیں: ریاست کے خلاف بندوق اٹھانے والوں کو جواب دینا ہوگا ، وزیر اعلیٰ سرفراز بگٹی کا سپریم کورٹ بار سے خطاب
جسٹس محمد احسن نے کہا کہ سپریم کورٹ بار کے وفد کے ساتھ بہت دلچسپ گفتگو ہوئی۔ انہوں نے بتایا کہ آج چیف جسٹس پاکستان سے بھی ملاقات کی گئی اور پاکستان کے نظامِ انصاف کو دیکھ کر خوشی محسوس ہوئی۔
ان کا کہنا تھا کہ مقدمات کے جلد نمٹانے اور عدالتی کارکردگی کے دیگر پہلوؤں سے متعلق آگاہی حاصل کی ہے۔ سپریم کورٹ بار کے صدر میاں رؤف عطا نے کہا کہ وفد نے ڈنمارک کے لیگل سسٹم کے بارے میں قیمتی رہنمائی حاصل کی۔
مزید پڑھیں: ججوں کے خطوط عدلیہ کی بدنامی کا باعث بن رہے ہیں؛ صدر سپریم کورٹ بار
انہوں نے کہا کہ ملاقات میں پاکستان کے عدالتی نظام میں بہتری کے لیے تجاویز پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ میاں رؤف عطا کے مطابق، ڈنمارک کا عدالتی نظام بہت مستحکم ہے اور دونوں ممالک کے درمیان قانونی و عدالتی روابط بڑھانے پر بھی بات چیت ہوئی۔