تحریک انصاف نے قومی اسمبلی میں محمود خان اچکزئی اور سینیٹ میں علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کو اپوزیشن لیڈر نامزد کردیا ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان نے دونوں ناموں کی باضابطہ تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ یہ فیصلہ بانیِ تحریک انصاف عمران خان کی ہدایت پر کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں:
پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے بتایا کہ آج بانی ہی ٹی آئی کی ہدایت موصول ہوئی تھیں، جس کے بعد مشترکہ پارلیمانی پارٹی اجلاس میں محمود خان اچکزئی کو اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی اور علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کو اپوزیشن لیڈر سینٹ نامزد کردیا گیاہے۔
بیرسٹر گوہرکے مطابق اپوزیشن لیڈرز کے ناموں کے باضابطہ فارم منگل کے روز قومی اسمبلی اور سینیٹ سیکریٹریٹ میں جمع کرا دیے جائیں گے۔
پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں اختلافات کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان کی ہدایت آجانے کے بعد ان پر من وعن عمل کیا جاتا ہے۔
’ہمارے کچھ کیس عدالتوں میں زیر التوا تھے،حکم امتنناع بھی تھا یہی وجہ ہے کہ خان صاحب نے بھی ہمیں انتظار کا کہا تھا، تاہم وہاں سے ریلیف نہ ملنے پراب ہم اس پر عمل کریں گے۔‘